Latest News

افغانستان: دیر رات زلزلے نے مچائی تباہی، آٹھ افراد ہلاک، شہریوں میں خوف و ہراس

افغانستان: دیر رات زلزلے نے مچائی تباہی، آٹھ افراد ہلاک، شہریوں میں خوف و ہراس

انٹرنیشنل ڈیسک: شمالی اور مشرقی افغانستان اور مغربی پاکستان کے کچھ حصوں میں جمعہ کی دیر رات 5.8  شدت کا زلزلہ آیا۔ کابل کے گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ علاقہ زلزلہ کے لحاظ سے انتہائی حساس ہے اور حالیہ سالوں میں زلزلوں کی وجہ سے ہزاروں افراد اپنی جان سے گئے ہیں۔
یورو-میڈیٹیرینین سسمولوجیکل سینٹر اور یونائیٹڈ اسٹیٹس جیولوجیکل سروے کے مطابق، جمعہ کے زلزلے کا مرکز افغانستان کے کندوز شہر سے تقریبا ایک سو پچاس کلومیٹر مشرق میں ہندوکش پہاڑوں میں تھا۔ زلزلے کا مرکز ایک سو اسی کلومیٹر سے زیادہ کی گہرائی پر واقع تھا۔ اس کے جھٹکے افغانستان اور پاکستان کے ایک بڑے حصے میں محسوس کیے گئے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پشاور، چترال، سوات اور شانگلہ کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پاکستان کے حکام نے زلزلے کی شدت 6.3  بتائی ہے۔ حکام نے کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں پاکستان کے کسی بھی حصے میں جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے قومی زلزلہ نگرانی مرکز نے بتایا کہ زلزلہ رات نو بج کر تیرہ منٹ پر آیا اور اس کا مرکز افغانستان کے ہندوکش علاقے میں30.48  ڈگری شمالی عرض بلد اور70.34 ڈگری مشرقی طول بلد پر ایک سو نوے کلومیٹر گہرائی میں واقع تھا۔
 



Comments


Scroll to Top