نیشنل ڈیسک: وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ بھارت نے عالمی اقتصادی چیلنجوں کے درمیان توقع سے کہیں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس دوران وہ دہلی میں منعقدہ سیمیکون انڈیا 2025 پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم مودی نے کہاکہ ایسے وقت میں جب دنیا کی معیشت دباؤ اور خود غرض فیصلوں سے متاثر ہو رہی ہے، ہندوستان نے 7.8 فیصد کی شرحِ نمو درج کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم ہر اندازے سے بہتر کر رہے ہیں۔
ٹرمپ کا بیان
مودی کا یہ بیان اس دعوے کے ایک دن بعد آیا ہے، جس میں امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہندوستان نے تمام ٹیریف (محصولات)ہٹانے کی پیشکش کی ہے، لیکن اب دیر ہو چکی ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ کچھ لوگ مانتے ہیں کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارت بہت کم ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان ہمیں بہت زیادہ سامان بیچتا ہے، جبکہ ہم انہیں بہت کم بیچتے ہیں۔ یہ رشتہ ایک طویل عرصے سے یکطرفہ رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بھارتی ٹیریف پالیسیوں کی وجہ سے امریکی کاروبار کو ہندوستان کی مارکیٹ سے باہر ہونا پڑا ہے۔ ٹرمپ نے روس سے تیل اور دفاعی ساز و سامان کی خرید پر بھی ہندوستان کو نشانہ بنایا۔
ہندوستان کی GDP گروتھ کے اعداد و شمار
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اپریل-جون 2025 کی سہ ماہی میں ہندوستان کی جی ڈی پی 7.8 فیصد بڑھی ہے۔ یہ شرحِ نمو پچھلی پانچ سہ ماہیوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس سے پہلے جنوری-مارچ کی سہ ماہی میں گروتھ 7.4 فیصد تھی۔
ہندوستان پر امریکی ٹیریف کا اثر
- اگست 2025 میں امریکہ نے بھارت سے آنے والے سامان پر کل 50 فیصد ٹیریف لگایا۔
- 7 اگست سے 25 فیصد ٹیریف نافذ کیا گیا۔
- 27 اگست سے روسی تیل کی خریداری جاری رکھنے کی وجہ سے اضافی 25 فیصد ٹیریف جوڑ دیا گیا۔
- اس سے ہندوستانی برآمدات اور خاص طور پر امریکہ- ہندوستان تجارتی تعلقات پر دبا ؤبڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔