Latest News

ووٹر لسٹ میں میرا نام دو جگہوں پر درج ہونے کے لیےالیکشن کمیشن ذمہ دار: پون کھیڑا

ووٹر لسٹ میں میرا نام دو جگہوں پر درج ہونے کے لیےالیکشن کمیشن ذمہ دار: پون کھیڑا

نئی دہلی:  کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے کہا ہے کہ ووٹر لسٹ میں اگر ان کا نام دو جگہوں پر درج ہے تو یہ الیکشن کمیشن کی غلطی ہے اور کمیشن کو بتانا چاہیے کہ ان کے نام پر ووٹ کسے مل رہے ہی -کانگریس شعبہ ابلاغیات کے سربراہ مسٹر پون کھیڑا نے ووٹر لسٹ میں دو جگہوں پر نام درج ہونے کے حوالے سے بی جے پی لیڈر امیت مالویہ کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ نو سال پہلے نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے جنگ پورہ منتقل ہوچکے تھے اور اگر ان کا نام اب بھی وہاں ووٹر لسٹ میں درج ہے تو یہ کمیشن کی غلطی ہے۔ وہ منگل کے روز یہاں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
مسٹر پون کھیڑا نے کہا کہ میں 9 سال پہلے نئی دہلی سے جنگپورہ آیا ہوں اور ووٹر لسٹ سے اپنا نام نکالنے کے لیے فارم-7 بھی بھرا ہے، اس کے باوجود اگر میرا نام ووٹر لسٹ میں موجود ہے تو اس میں میری کوئی غلطی نہیں ہے۔ اس کے بعد ووٹر لسٹ میں تصحیح کا کام کئی بار ہو چکا ہے، اس کے باوجود میرا نام حذف نہیں کیا گیا، تو الیکشن کمیشن اس کا ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فہرست کو درست کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور کئی بار فہرستوں کو درست کرنے کا عمل انجام دیا جا چکا ہے، اس کے باوجود ان کا نام نہیں ہٹایا جا رہا ہے تو یہ ان کا قصور نہیں، بلکہ الیکشن کمیشن کی خامی ہے۔
مسٹر پون کھیڑا نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی یہی الزام لگا رہے ہیں کہ کمیشن نے ووٹر لسٹ سے چھیڑ چھاڑ کی ہے۔ کمیشن بتائے کہ جس علاقے میں وہ نو سال سے نہیں آئے، وہاں ان کے نام پر ووٹ کس کو دیا جا رہا ہے۔ کمیشن کی ملی بھگت سے بی جے پی اس طرح کی جعلی ووٹنگ کروا رہی ہے اور مسٹر راہل گاندھی کا بھی یہی الزام ہے۔
 



Comments


Scroll to Top