کوشامبی: اتر پردیش کے کوشامبی ضلع پولیس نے ایک مسجد کے امام کے خلاف قومی پرچم سے زیادہ اونچا اسلامی جھنڈا لہرانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ ایک افسر نے منگل کو یہ معلومات دی۔ چایل کے علاقہ افسر(سی او) ابھیشیک سنگھ نے بتایا کہ یہ واقعہ 31 اگست کو سندیپن گھاٹ تھانہ علاقے کا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مورت گنج چوکی کے انچارج، سب انسپکٹر اجیت سنگھ نے علاقے میں گشت کے دوران دیکھا کہ قصبے میں ایک مینارہ مسجد کے اوپر قومی پرچم ترنگے کے متوازی اسلامی جھنڈا اس سے زیادہ اونچائی پر لگایا گیا تھا۔ سنگھ نے بتایا کہ اس سے قومی پرچم کی عظمت اور وقار کو ٹھیس پہنچتی ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ موقع سے اسلامی جھنڈے کو ہٹا دیا گیا ہے اور چوکی انچارج کی تحریر پر سندیپن گھاٹ تھانے میں مسجد کے امام امتیاز احمد کے خلاف قومی فخر کی توہین کی روک تھام ایکٹ، 1971 کی دفعہ 2 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور آئندہ قانونی کارروائی جاری ہے۔