Latest News

صبح سویرے کئی جگہوں پر زلزلے کے جھٹکے ، امریکہ سے لیکر ہندوستان تک کانپ اٹھی دھرتی

صبح سویرے کئی جگہوں پر زلزلے کے جھٹکے ، امریکہ سے لیکر ہندوستان تک کانپ اٹھی دھرتی

نیشنل ڈیسک :   امریکہ اور ہندوستان کے کئی حصوں میں آج صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اگرچہ اب تک کسی جگہ سے جانی و مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے لیکن بار بار آنے والے زلزلوں نے لوگوں کے ذہنوں میں خوف کی فضا پیدا کردی ہے۔
امریکہ میں پہلا شدید زلزلہ صبح 7 بج کر 17 منٹ پر آیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.4 ناپی گئی۔ زلزلے کا مرکز نیو میکسیکو کے شہر کارلسباد سے 89 کلومیٹر دور وائٹ سٹی کے علاقے میں تھا۔ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے 7.5 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ تاہم اس سال میانمار اور تھائی لینڈ میں آنے والے تباہ کن زلزلوں اور انڈونیشیا، ارجنٹائن اور چلی میں 6 سے 7 شدت کے جھٹکوں کے بعد اس زلزلے نے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا تھا۔ امریکہ میں زلزلے کے بعد لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور کئی گھنٹوں تک سڑکوں پر گھومتے رہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی اور ریاستہائے متحدہ کے جیولوجیکل سروے نے اس زلزلے کی تصدیق کی ہے۔
ہندوستان  میں بھی آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ راجستھان کے جھنجھنو میں صبح تقریبا 9.30 بجے لوگوں نے ہلکے جھٹکے محسوس کئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 3.1 ریکارڈ کی گئی۔ اگرچہ زلزلے کے جھٹکے ہلکے تھے لیکن لوگوں نے انہیں محسوس کیا اور احتیاط کے ساتھ گھروں سے باہر نکل آئے۔ یہاں بھی کسی جان ومال کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اس زلزلے کا مرکز زمین سے 10 کلومیٹر نیچے کی گہرائی میں تھا۔
راجستھان سے پہلے میگھالیہ میں بھی صبح 7:56 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 2.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز گارو پہاڑیوں کے شمال میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ میگھالیہ میں بھی کسی قسم کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
غور طلب ہے کہ  کل رات مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع میں بھی زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تقریبا 9 بجکر 40 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.8 تھی۔ اس کا مرکز زمین کی سطح سے 5 کلومیٹر نیچے تھا۔ اس زلزلے سے بھی کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا تاہم لوگوں نے اپنے گھروں کے دروازے اور پنکھوں کو ہلتے ہوئے محسوس کیا۔
 



Comments


Scroll to Top