National News

ایل او سی پر دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا جھٹکا، فوج نے ''سمندر چاچا'' سمیت 2 دہشت گرد کئے ڈھیر

ایل او سی پر دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا جھٹکا، فوج نے ''سمندر چاچا'' سمیت 2 دہشت گرد کئے ڈھیر

گریز:  جموں و کشمیر کے گوریز سیکٹر میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ لائن آف کنٹرول (LoC) پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ آپریشن میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ان میں سے ایک کی شناخت  باغو خان عرف 'سمندر چاچا' کے طور پر ہوئی ہے، جو گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردوں کی دراندازی میں مدد کر رہا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق،  28 اگست کو خفیہ جانکاری کی بنیاد پر یہ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران دو درانداز مارے گئے، جن میں سمندر چاچا بھی شامل تھا۔ اس کا اصل نام باغو خان تھا اور وہ پاکستان کے مظفرآباد  کا رہنے والا تھا۔
1995 سے 100 زائد در اندازی کی کوششوں میں شامل
خفیہ رپورٹس کے مطابق، سمندر چاچا  1995  سے اب تک  100 سے زائد دراندازی کی کوششوں میں شامل رہا۔ علاقے کی جغرافیائی جانکاری اور پہاڑی راستوں پر اس کی مہارت کی وجہ سے وہ دہشت گردوں کے لیے ایک انتہائی اہم مددگار بن چکا تھا۔ اس کا کام دہشت گردوں کو سرحد پار سے ہندوستان  میں محفوظ طریقے سے داخل کروانا تھا۔ موسم اور راستوں کی مکمل معلومات ہونے کی وجہ سے وہ سکیورٹی فورسز کی گرفت سے برسوں تک باہر رہا۔
 آپریشن کی تعریف
آپریشن کے بعد سکیورٹی ایجنسیوں نے بتایا کہ سمندر چاچا کی ہلاکت سے دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ نارتھن آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے چنار کور کے جوانوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ فوج جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پوری طاقت اور حکمت عملی کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔ ہلاک ہونے والے دوسرے دہشت گرد کی شناخت کی تصدیق ابھی باقی ہے۔



Comments


Scroll to Top