Latest News

امریکی ٹیرف نے بڑھائی ہندوستان - چین کی نزدیکیاں، ٹرمپ کے لئے کھڑی ہو گئی نئی ٹینشن

امریکی ٹیرف نے بڑھائی ہندوستان - چین کی نزدیکیاں، ٹرمپ کے لئے کھڑی ہو گئی نئی ٹینشن

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے بھاری تجارتی محصولات (ٹیرِف)کے درمیان ہندوستان  اور چین نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ تیانجن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد دونوں ممالک نے واضح کیا کہ وہ تجارتی شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے اور سرحد پر امن قائم رکھیں گے۔ اس قدم نے امریکہ کے لیے نئی تشویش کھڑی کر دی ہے۔
دو طرفہ ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان  اور چین دونوں تزویراتی خودمختاری (Strategic Autonomy) چاہتے ہیں اور ان کے تعلقات کو کسی تیسرے ملک کی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی تجارت کو مستحکم کرنے اور دہشت گردی سے نمٹنے میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مودی اور جن پنگ نے کہا کہ ہندوستان اور چین حریف نہیں بلکہ ترقی پر مبنی شراکت داری کے ساتھی ہیں۔ اختلافات کو تنازعہ میں تبدیل ہونے سے روکنا دونوں کی ترجیح ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ کثیر الجہتی تعاون (Multilateral Cooperation) اور علاقائی استحکام ہی آگے کا راستہ ہے۔
وزیر اعظم مودی نے سرحدی علاقوں میں امن اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ سال فوجیوں کو پیچھے ہٹائے جانے کے بعد قائم ہوئی استحکام کی صورت حال کی تعریف کی اور سرحدی تنازعے کا منصفانہ اور باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں نے اس ماہ کے آغاز میں خصوصی نمائندوں کے درمیان ہونے والی بات چیت کی کامیابیوں کو تسلیم کیا اور ان کوششوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
 



Comments


Scroll to Top