نئی دہلی:آسٹریلیائی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ 10 سے 14 اگست تک ہندوستان کے دورے پر ہیں۔اپنے دورے کے دوران وہ ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی اور وزارت دفاع کے سینئر افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی بات چیت کریں گے۔ اس دورے کا مقصد ہند-بحرالکاہل خطے میں تزویراتی تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
ہندوستانی فوج نے اس دورے کو ”تزویراتی طور پر اہم“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہند-آسٹریلیا جامع تزویراتی شراکت داری کو مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ دونوں ممالک ہند-بحرالکاہل خطے میں ایک مستحکم اور قواعد پر مبنی نظام برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ کا یہ دورہ ہند-بحرالکاہل میں ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر ہندوستانی فوج کی بڑھتی ہوئی ساکھ اور بامعنی تعاون کے ذریعے اجتماعی تیاریوں کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ سرکاری سطح پر ہندوستان اور آسٹریلیا ایک متحرک اور ترقی پذیر دفاعی شراکت داری کو برقرار رکھے ہوئے ہیں، جو مسلسل باہمی رابطے اور تزویراتی ہم آہنگی کو یقینی بناتی ہے۔