Latest News

چین کی سیاست میں بھونچال: غیرملکی دورے سے واپس آتے ہی وزیر خارجہ بننے والے لیو جیان چاؤ گرفتار

چین کی سیاست میں بھونچال: غیرملکی دورے سے واپس آتے ہی وزیر خارجہ بننے والے لیو جیان چاؤ گرفتار

بیجنگ: چین کی سیاست میں بڑا اُلٹ پھیر دیکھنے کو ملا ہے ۔ وزیر خارجہ کے عہدے کے سرکردہ دعویدار اورسینئر سفارت کار  لیو جیان چاؤ کو پولیس نے اپنے غیر ملکی دورے سے واپس آتے ہی حراست میں لے لیا۔ بیجنگ میں اس غیر متوقع اقدام نے اقتدار کے گلیاروں میں ہلچل مچا دی ہے، خاص طور پر اس لیے کہ لیو کو موجودہ وزیر خارجہ وانگ یی کے جانشین کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔
61 سالہ لیو جیان چاو اس وقت کمیونسٹ پارٹی کے غیر ملکی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات کو مربوط کرنے والی یونٹ کی سربراہی کر رہے تھے۔ 2022 میں اس عہدے پر تقرری کے بعد سے، انہوں نے 20 سے زائد ممالک کا دورہ کیا اور 160  سے زائد ممالک کے حکام سے ملاقات کی۔ ان کے سفارتی تجربے میں سابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سمیت کئی اعلی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان کی حراست اعلی سطحی سفارتی تحقیقات کا حصہ ہو سکتی ہے۔ یہ واقعہ 2023 میں سابق وزیر خارجہ کوئن گینگ کے عہدے سے برطرفی کی یاد دلاتا ہے، جنہیں ان کی نجی زندگی سے متعلق افواہوں کے بعد برطرف کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے پر حکومت کی طرف سے کوئی سرکاری تبصرہ نہیں کیا گیا ہے، اور متعلقہ محکموں نے سوالوں کے جواب دینے سے انکار کر دیا ہے۔
شمال مشرقی صوبے جیلن میں پیدا ہونے والے لیو نے بیجنگ فارن اسٹڈیز یونیورسٹی سے انگریزی میں گریجویشن کیا اور آکسفورڈ سے بین الاقوامی تعلقات کی تعلیم حاصل کی۔ وہ برطانیہ، انڈونیشیا اور فلپائن میں چین کے مشن میں سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کے طور پر، وہ اپنے بیباک انداز اور مزاحیہ تبصروں کے لیے جانے جاتے تھے۔ اس گرفتاری نے نہ صرف بیجنگ بلکہ بین الاقوامی سفارتکاری میں بھی سوالات اٹھائے ہیں، خاص طور پر چین کی اعلی خارجہ پالیسی ٹیم کے مستقبل کے بارے میں۔
 



Comments


Scroll to Top