ڈھاکہ:کئی بنگلہ دیشی کرکٹرز نئے فٹنس ٹیسٹ میں معیار پر پورا نہیں اترے۔ اگرچہ مشفق الرحیم تیز ترین 1600 میٹر کی دوڑ مکمل کرنے والوں میں شامل تھے جبکہ ناہید رانا نے فٹنس ٹریننگ میں متاثر کیا، تاہم اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں 1600 میٹر کی دوڑ میں کچھ دوسرے کرکٹرز توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ اس سے قبل یویو یا بیپ ٹیسٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کی فٹنس مانیٹر کی جاتی تھی۔ تاہم، نئی طاقت اور کنڈیشنگ کوچ نیتھن کیلی کی آمد کے بعد سے ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کی فٹنس کو جانچنے کے لیے 1600 میٹر دوڑ اور 40 میٹر سپرنٹ کا انتخاب کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ فاسٹ بولرز مستفیض الرحمان، تسکین احمد، تنویر اسلام اور شمیم پٹواری کو 1600 میٹر کی دوڑ مکمل کرنے میں تقریباً آٹھ منٹ لگے۔
دوسری جانب فٹنس ٹیسٹ میں حصہ لینے والے 22 کرکٹرز میں رانا بہترین رہے، انہوں نے 1600 میٹر کی دوڑ صرف 5 منٹ 31 سیکنڈز میں مکمل کی۔ ٹیم مینجمنٹ کے ایک رکن نے اتوار کو کرک بز کو بتایاکہ "رانا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کچھ دوسرے کھلاڑیوں نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن ساتھ ہی ساتھ کچھ کرکٹرز بھی تھے جو ہماری توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔" نیدرلینڈز کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور اس کے بعد متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے اسکل ٹریننگ کے آغاز سے قبل فٹنس کیمپ جاری ہے۔ پہلے گروپ میں مہدی حسن میراز 6 منٹ 1 سیکنڈ میں ریس مکمل کر کے دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائر ہونے والے مشفق الرحیم 6 منٹ 10 سیکنڈ میں 1600 میٹر کی دوڑ مکمل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔
15 کرکٹرز پر مشتمل دوسرے گروپ میں تنظیم حسن ثاقب نے 1600 میٹر کی دوڑ 5 منٹ 53 سیکنڈز میں مکمل کی۔ ان کے بعد شہادت حسین دیپو رہے جنہوں نے 6 منٹ میں ریس مکمل کی اور پرویز حسین ایمون 6 منٹ 13 سیکنڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ 25 رکنی ابتدائی کیمپ کے چھ کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ میں شرکت میں ناکام رہے جن میں ٹی ٹوئنٹی کے کپتان لٹن کمار داس اور توحید ہردیا شامل ہیں۔ چار دیگر کرکٹرز جو آسٹریلیا کے دورے پر 'اے' ٹیم کا حصہ تھے - نورالحسن سوہن، سیف حسن، عفیف حسین اور ماہید الاسلام انکون بھی ٹیسٹ میں شرکت میں ناکام رہے۔ فٹنس کیمپ کے بعد کھلاڑی 20 اگست کو سکلز ٹریننگ کیمپ کے لیے سلہٹ جائیں گے۔