حصار:ہریانہ میں ضلع حصار کے متلودا گاؤں کے قریب اتوارکو ریاستی قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ گاڑی کے سامنے اچانک نیل گائے کے آنے کی وجہ سے پیش آیا۔ مسٹر ہڈا کے علاوہ سابق مرکزی وزیر جے پرکاش، سابق ایم ایل اے نریش سیلوال اور سینئر لیڈر دھرم ویر گویت بھی گاڑی میں سوار تھے۔ وہ سب محفوظ ہیں۔ گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
حادثے کے بعد تمام افراد دوسری گاڑی میں سوار ہو کر گاں گھیرائے روانہ ہو گئے جہاں انہوں نے عالمی چیمپئن باکسر سویٹی بورا کی پروقار تقریب میں شرکت کی۔ مسٹر ہڈا کے پرسنل سیکورٹی آفیسر ستیش راٹھی نے بتایا کہ سابق وزیر اعلی اتوار کی صبح بنبھوری گاؤں میں ایک کارکن کے یہاں چائے کے پروگرام میں گئے تھے۔ یہاں سے وہ گاڑی میں سوار ہو کر گاؤں گھیرائے کے لیے روانہ ہو گئے۔
ان کے قافلے میں ایک پائلٹ گاڑی کے علاوہ 4-5 دیگر گاڑیاں بھی تھیں۔ متلودا گاؤں کے قریب گاڑی کے سامنے اچانک ایک نیل گائے آ گئی۔ گاڑی کے ڈرائیور نے نیل گائے کو بچانے کی کوشش کی لیکن پھر بھی گاڑی اس سے ٹکرا گئی۔ خوش قسمتی سے ڈرائیور نے گاڑی پر قابو پالیا۔ اس کے ساتھ ہی گاڑی کے ایئر بیگز بھی کھل گئے۔ مسٹر ہڈا ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر ہی بیٹھے تھے۔