نئی دہلی: کانگرس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی اور وائناڈ سے پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے کیرالہ کے بلدیاتی انتخابات میں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کو ملنے والی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کیرالہ کے ووٹروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کیرالہ میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق، چھ میونسپل کارپوریشنز میں سے چار میں کانگریس کی قیادت والے یو ڈی ایف کو کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کو ایک ایک نشست ملی ہے۔
مسٹر کھرگے نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کیرالہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'کانگریس، بلدیاتی انتخابات میں یو ڈی ایف کے حق میں فیصلہ کن مینڈیٹ دینے پر کیرالہ کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آنے والے چند مہینوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھی ہمارے یو ڈی ایف اتحاد کو اسی طرح کا عوامی اعتماد حاصل ہوگا۔ اسی یقین کے ساتھ کیرالہ کانگریس پوری ذمہ داری اور متحد مقصد کے ساتھ مہم چلائے گی۔'
راہل گاندھی نے کہا کہ 'بلدیاتی انتخابات میں یو ڈی ایف پر اعتماد ظاہر کرنے پر کیرالہ کے عوام کو سلام۔ یہ ایک فیصلہ کن اور حوصلہ افزا مینڈیٹ ہے۔ یہ نتائج یو ڈی ایف پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی واضح علامت ہیں اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ پیغام بالکل واضح ہے کہ کیرالہ ایسی جوابدہ حکومت چاہتا ہے جو سنتی ہے، جواب دیتی ہے اور عمل کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'اب ہماری توجہ پوری طرح کیرالہ کے عام لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے، ان کے روزمرہ مسائل کو حل کرنے اور شفاف، عوامی مفاد پر مبنی حکمرانی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔ تمام منتخب نمائندوں کو مبارکباد۔ پارٹی کے ہر لیڈر اور کارکن کو میری دلی ستائش، جن کی لگن اور محنت سے یہ کامیابی ممکن ہو سکی۔
پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ 'بلدیاتی انتخابات کا یہ فیصلہ محض ایک سیاسی نتیجے سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ عوام کی اس امید کی عکاسی کرتا ہے کہ انہیں ایسی حکومت چاہیے جو ان کی مشکلات کو سمجھے اور دیانت داری کے ساتھ ان کا حل تلاش کرے۔ یو ڈی ایف پر اعتماد ظاہر کرنے کے لیے میں کیرالہ کے عوام کا دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ جیسے جیسے ہم اسمبلی انتخابات کی جانب بڑھ رہے ہیں، یہ مینڈیٹ ہمیں نئی توانائی اور اعتماد فراہم کرتا ہے۔ تمام منتخب نمائندوں کو مبارکباد اور ہر اس لیڈر و کارکن کو خراجِ تحسین، جن کی انتھک محنت سے یہ کامیابی حاصل ہوئی۔