واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھارت، روس، چین اور جاپان کے ساتھ ایک نیا گروپ کور فائیو (سی-5) لانے پر غور کر رہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم گروپ سیون (جی-7) ممالک کی جگہ لے گا۔
جی-7 امیر اور جمہوری ممالک امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، کینیڈا، اٹلی اور جاپان جیسے ممالک کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ تاہم ٹرمپ کی خواہش طاقتور ممالک کو شامل کر کے ایک نیا پلیٹ فارم بنانے کی ہے۔ اگرچہ ابھی تک اس بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں کہا گیا ہے، لیکن رپورٹ کے مطابق سی-5 کا یہ نیا خیال دراصل نیشنل سکیورٹی اسٹریٹیجی کے ایک طویل مسودے میں لکھا گیا تھا۔ یہ مسودہ عوام کو نہیں دکھایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس گروپ کو بنانے کے پیچھے مقصد یہ ہے کہ ایک ایسا نیا پلیٹ فارم بنایا جائے جس میں صرف وہی ممالک شامل ہوں جو بڑی طاقت رکھتے ہوں، چاہے وہ جمہوری ہوں یا نہ ہوں، اور چاہے وہ جی-7 جیسے کلب کی شرائط پر پورا اترتے ہوں یا نہ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کور فائیو یا سی-5 میں امریکہ، چین، روس، بھارت اور جاپان شامل ہوں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سی-5 کا منصوبہ ٹرمپ کی سوچ سے میل کھاتا ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اکثر مخالف ممالک کے ساتھ براہ راست ڈیل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔