National News

ایس آئی آر ہندوستانی جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش ہے: ڈمپل یادو

ایس آئی آر ہندوستانی جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش ہے: ڈمپل یادو

لکھنو:سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو نے پیر کو کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 12 ریاستوں میں ایس آئی آر کرایا جانا ہندوستان کے جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش ہے مین پوری میں کارکنوں سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہااتنے برسوں سے انتخابات ہو رہے ہیں، کیا وہ سب غیر جمہوری تھے؟ اگر نہیں، تو اب ایس آئی آر کرانے کے پیچھے آخر ارادہ کیا ہے؟ یہ قدم جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔
محترمہ یادو نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جب جب اقتدار میں آتی ہے، تب تب پلوامہ اور پہلگام جیسے واقعات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آج تک اتنے بڑے واقعات کو انجام دینے والوں کو پکڑ نہیں پائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کی بات کہنے والی بی جے پی اپنے وعدے پر کھری نہیں اتری۔ بی جے پی جھوٹے وعدے کرتی ہے۔
انہوں نے بی جے پی پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت اپنے ہی وعدوں پر کھری نہیں اترتی۔ جموں و کشمیر میں ہونے والے بڑے واقعات اس کی مثال ہیں۔ مین پوری میں انہوں نے کارکنوں سے بھی ملاقات کی اور بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کو عوام دشمن قرار دیا۔
محترمہ ڈمپل یادو نے کہا، "حکومت اپوزیشن کے لیڈروں کی جاسوسی کرا رہی ہے، سب کو معلوم ہے کہ حکومت فون ٹیپ کراتی ہے۔"
صحافیوں کی طرف سے اتر پردیش میں ڈی اے پی کھاد کی کمی پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کی حالت خراب ہے۔ تین برس سے کسان کھاد کی کمی سے جوجھ رہے ہیں۔ کھاد کی کالابازاری ہو رہی ہے۔ ان سب کے لیے حکومت کی پالیسیاں ذمہ دار ہیں۔



Comments


Scroll to Top