پشاور: پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں پیر کو نامعلوم حملہ آوروں نے ایک قبائلی رہنما اور ان کے ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ پولیس نے اسے مشتبہ ٹارگٹ کلنگ کا معاملہ قرار دیا ہے۔ قبائلی رہنما کی شناخت ملک محمد رحمان داوڑ کے نام سے ہوئی ہے جس پر اس سے قبل بھی دو مرتبہ حملہ کیا جا چکا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ پیر کو شمالی وزیرستان کے ضلع ٹپی کے علاقے میران شاہ بنوں روڈ پر پیش آیا۔
مسلح حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے داوڑ اور ان کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور حملہ آور فرار ہو گئے۔ حکام نے اس دوہرے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کو جلد پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لانے کا وعدہ کیا ہے۔ شمالی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق معاملے کی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ قبائلی عمائدین جو عسکریت پسندوں کے خلاف سرکاری سکیورٹی فورسز کی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں اکثر صوبہ خیبر پختونخواہ میں عسکریت پسندوں کی طرف سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔