انٹرنیشنل ڈیسک: دنیا کی سب سے طاقتور بحری افواج کی ایک نئی فہرست سامنے آئی ہے۔ یہ درجہ بندی ورلڈ ڈائریکٹری آف ماڈرن وارشپس اینڈ سب میرینز ( WDMMW)نے جاری کی ہے۔ اس رپورٹ میں دنیا کے 40 ممالک کی بحری افواج کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ اس درجہ بندی کو تیار کرنے کے لیے کئی عوامل کو مدنظر رکھا گیا، جن میں ہر ملک کی بحریہ کی اصل طاقت کی درجہ بندی(True Value Rating)، جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی تعداد، جدید کاری (Modernisation) کے منصوبے، لاجسٹک معاونت، حملہ کرنے اور حملوں سے دفاع کرنے کی صلاحیت شامل ہے۔
سرفہرست پانچ بحری افواج کون سی ہیں
1. امریکہ
امریکی بحریہ اس وقت دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ بنی ہوئی ہے۔ اس کے پاس 11 طیارہ بردار بحری جہاز ہیں، جن میں سے زیادہ تر جوہری توانائی سے چلتے ہیں۔ اس کے جنگی جہاز اور لڑاکا صلاحیتیں دنیا میں سب سے مضبوط مانی جاتی ہیں۔
2. چین
ہندوستان کا ہمسایہ ملک چین دوسرے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق کئی معاملات میں چین کی بحریہ امریکہ سے بھی آگے نکل چکی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ چین جلد ہی دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ بن سکتا ہے۔
3. روس
روس کی بحریہ تیسرے نمبر پر ہے۔ رپورٹ میں اسے پیچیدہ مگر خطرناک طاقت قرار دیا گیا ہے، کیونکہ روس کے پاس جوہری ہتھیار لے جانے والی آبدوزیں موجود ہیں۔ اس کے پاس جدید اینٹی شپ میزائل بھی ہیں۔
4. انڈونیشیا
چوتھے نمبر پر انڈونیشیا کی بحریہ ہے۔ اس کے پاس تقریبا 245 مختلف اقسام کے جنگی جہاز موجود ہیں۔ انڈونیشیا تیزی سے اپنی بحریہ کو مضبوط بنا رہا ہے، خاص طور پر کھلے سمندر میں طویل فاصلے تک کارروائی کرنے کی صلاحیت بڑھا رہا ہے۔
5. جنوبی کوریا
پانچویں نمبر پر جنوبی کوریا ہے۔ اس کی بحریہ ایشیا کی سب سے جدید اور تکنیکی طور پر ترقی یافتہ بحری افواج میں شمار کی جاتی ہے۔
ہندوستان کی درجہ بندی کیا رہی؟
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کو ساتواں مقام حاصل ہوا ہے۔ ہندوستانی بحریہ کو 100.5 کی اصل طاقت کی درجہ بندی (True Value Rating) دی گئی ہے۔ ہندوستانی بحریہ کے پاس اس وقت دو طیارہ بردار بحری جہاز، آئی این ایس وکرانت اور آئی این ایس وکرمادتیہ، 19 آبدوزیں، 74 فلیٹ کور (مرکزی )جنگی جہاز اور پانچ ایمفیبیئس اسالٹ یونٹ موجود ہیں، جو سمندر سے زمین پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگرچہ ہندوستان سرفہرست پانچ میں شامل نہیں ہو سکا، لیکن اس کی بحریہ کو مسلسل جدید بنایا جا رہا ہے، خاص طور پر چین اور پاکستان سے بڑھتے خطرات کے پیش نظر۔
پاکستان کی درجہ بندی
اس فہرست میں پاکستان کو 26 مقام ملا ہے۔ پاکستانی بحریہ کے پاس کوئی طیارہ بردار بحری جہاز موجود نہیں ہے۔ تاہم اس کے پاس 8 آبدوزیں اور 28 مرکزی جنگی جہاز ہیں۔
یہ رپورٹ کیا کہتی ہے
یہ درجہ بندی ظاہر کرتی ہے کہ امریکہ اب بھی سمندروں کا سب سے بڑا طاقتور ملک ہے۔ چین بہت تیزی سے اسے ٹکر دے رہا ہے۔ ہندوستان ایک مضبوط بحری طاقت ضرور ہے، لیکن ابھی سرفہرست پانچ سے باہر ہے، جبکہ پاکستان کی بحریہ ہندوستان کے مقابلے میں کافی پیچھے ہے۔