Latest News

بنگلہ دیشی کرکٹر مستفیض الرحمان کے کے آر سے باہر، بی سی سی آئی کی ہدایات پر نائٹ رائیڈرز نے لیا بڑا فیصلہ

بنگلہ دیشی کرکٹر مستفیض الرحمان کے کے آر سے باہر، بی سی سی آئی کی ہدایات پر نائٹ رائیڈرز نے لیا بڑا فیصلہ

یوپی ڈیسک: کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ہفتہ کو ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے حکم پر انڈین پریمیئر لیگ کے آئندہ سیزن سے پہلے بنگلہ دیش کے تیز گیند باز مستفیض الرحمان کو اپنی ٹیم سے ریلیز کر دیا۔ بی سی سی آئی نے  ہندوستان  اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں بڑھتے ہوئے تنا ؤ کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا۔ گزشتہ ماہ کھلاڑیوں کی نیلامی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز رحمان کو 9.20 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ ان کی بنیادی قیمت دو کروڑ روپے تھی۔ چنئی سپر کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے ساتھ سخت بولی کے عمل کے بعد کولکتہ  نائٹ رائیڈرز اس 30 سالہ گیند باز کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔
بی سی سی آئی نے متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے کی اجازت دی
بی سی سی آئی نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کے انتخاب کی اجازت ہوگی۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت ساکیہ نے بتایا، بی سی سی آئی نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے مستفیض ا لرحمان کو اپنی ٹیم سے ریلیز کرنے کو کہا ہے۔ ضرورت پڑنے پر وہ ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کے انتخاب کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ اگر وہ درخواست کرتے ہیں تو بی سی سی آئی انہیں کسی دوسرے کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے گا۔
ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے حکم پر فیصلہ
جب ساکیہ سے پوچھا گیا کہ بی سی سی آئی نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ایسا کرنے کے لیے کیوں کہا ہے تو انہوں نے کہا، حالیہ واقعات کی وجہ سے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بعد میں کہا کہ اس نے بی سی سی آئی کے حکم پر کارروائی کی ہے۔ فرنچائز نے ایک بیان میں کہا، کولکتہ نائٹ رائیڈرز تصدیق کرتا ہے کہ آئی پی ایل کے نگران بی سی سی آئی۔آئی پی ایل نے انڈین پریمیئر لیگ کے آئندہ سیزن سے پہلے مصطفی رحمان کو ٹیم سے ریلیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے کہا، ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے حکم پر مناسب طریقہ کار اور مشاورت کے بعد کھلاڑی کو ریلیز کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش میں ہندو شخص کا قتل
بنگلہ دیش میں حال ہی میں ایک ہندو شخص کے قتل اور وہاں اقلیتوں کی سلامتی کے بارے میں ہندوستان کی تشویش کے پیش نظر بنگلہ دیشی کرکٹر کی شمولیت کو لے کر بی سی سی آئی پر دباؤ بڑھتا جا رہا تھا۔ رحمان کو ٹیم میں رکھنے کی وجہ سے کولکتہ  نائٹ رائیڈرز کے شریک مالک اور بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کچھ رہنماؤں نے موجودہ حالات میں گیند باز کو ٹیم میں شامل کرنے کے فیصلے پر سوال اٹھائے تھے۔
آٹھ بار آئی پی ایل کھیل چکے رحمان
رحمان 2016 سے آٹھ بار آئی پی ایل کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے صرف 2019 اور 2020 میں ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیا تھا۔ وہ سن رائزرس حیدرآباد، ممبئی انڈینز، دہلی کیپیٹلز، چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز جیسی ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔ تین بار کی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پہلی بار انہیں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال محدود اوورز کی ایک دو طرفہ سیریز ملتوی کر دی تھی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ یہ سیریز اسی سال ستمبر میں اس کے ملک میں ہی کھیلی جائے گی۔
بی سی سی آئی تاہم اس سیریز کے شیڈول کے بارے میں کسی قسم کی وابستگی نہیں دکھا رہا ہے۔ بنگلہ دیش کی غیر مستحکم سیاسی صورت حال کو دیکھتے ہوئے اس پر رضامندی کا امکان بھی کم ہے۔ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے۔ شیخ حسینہ گزشتہ سال اگست میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد کولکتہ آ گئی تھیں۔ بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے انہیں موت کی سزا سنائی تھی۔ ان پر تحریک کے دوران ہونے والی جان لیوا کارروائی میں مبینہ کردار ادا کرنے کا الزام تھا، جس میں کئی طلبہ مارے گئے تھے۔
بنگلہ دیش نے مختلف معاملات پر ہندوستانی ہائی کمشنر پرنئے ورما کو پانچ بار طلب کیا۔ دوسری جانب ہندوستان نے بنگلہ دیش میں سلامتی کے بارے میں تشویش ظاہر کرنے کے لیے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ریاض حمیداللہ کو ایک بار طلب کیا۔ عوامی لیگ کی حکومت کو ہندوستان کی حامی سمجھا جاتا تھا لیکن محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت بننے کے بعد بنگلہ دیش کی سفارتی صورت حال بڑی حد تک بدل گئی ہے۔ اس دوران بنگلہ دیش نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط کرنے کی کوششیں کیں جس سے علاقائی صورت حال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top