نئی دہلی: ایران میں مسلسل بگڑتی جا رہی صورتحال اور بڑھتی ہوئے تشدد کے درمیان بھارت سرکار نے وہاں پھنسے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے بڑی تیاری شروع کر دی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے جانکاری دی ہے کہ ایران میں پھنسے بھارتیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی طیارے تیار رکھے گئے ہیں۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ وہ صورتحال پر باریکی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور بھارت آنے کے خواہش مند لوگوں کی محفوظ واپسی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
190 شہروں میں پھیلی احتجاج کی آگ۔
ایران کے تقریباً 190 شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور تشدد کی آگ پھیل چکی ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزارت خارجہ نے ایران میں رہ رہے بھارتی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تمام ضروری دستاویزات جیسے پاسپورٹ، ویزا اور شناختی ثبوت تیار رکھیں۔ انہیں ایران میں بھارتی سفارت خانے یا قونصل خانے کے مسلسل رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہوائی راستے متاثر۔
ایران میں جاری کشیدگی کے باعث بین الاقوامی فضائی سفر پر بھی اثر پڑا ہے۔ حال ہی میں ایران کی جانب سے اپنا فضائی حدود کچھ گھنٹوں کے لیے بند کیے جانے کے باعث ایئر انڈیا کی دہلی نیویارک پرواز کو ٹیک آف کے بعد واپس دہلی لوٹنا پڑا۔ اندازے کے مطابق ایران میں ہزاروں کی تعداد میں بھارتی طلبہ، تاجر اور مزدور موجود ہیں، جن کی حفاظت بھارت سرکار کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔