پشاور:بدھ کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2025 سے پاکستان سے تقریباً 10 لاکھ افغان شہریوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔ افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کی کوششیں 2023 میں اس وقت شروع ہوئیں جب پاکستانی حکومت نے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو ملک سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
خیبر پختونخوا محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2025 سے اب تک صوبے کی مختلف سرحدوں کے ذریعے مجموعی طور پر 9,88,812 افغان شہریوں کو واپس بھیجا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (POR) کارڈ رکھنے والے 2,30,470 افراد کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا، جبکہ افغان سٹیزن کارڈ (ACC) رکھنے والے 71,570 افغان شہریوں کو بھی واپس بھیجا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم 6,86,772 افغان شہریوں کو ملک بدر کیا گیا ہے۔