National News

سال 2027 کا انتخاب تنہا لڑے گی بی ایس پی، پانچویں بار بنے گی حکومت: مایاوتی

سال 2027 کا انتخاب تنہا لڑے گی بی ایس پی، پانچویں بار بنے گی حکومت: مایاوتی

لکھنو: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمومایاوتی نے اپنی 70ویں سالگرہ کے موقع پر لکھنو میں واقع پارٹی کے ریاستی ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے سال 2027 کے اسمبلی انتخابات کے حوالے سے بڑا اعلان کیا ہے انہوں نے واضح کیا کہ بی ایس پی آئندہ انتخابات میں کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی اور اپنے دم پر میدان میں اترے گی اس موقع پر انہوں نے اپنی کتاب 'بلیو بک' کے 21ویں ایڈیشن کی رونمائی بھی کی۔
جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ کسی بھی سیاسی اتحاد سے پارٹی کو نقصان پہنچتا ہے، کیونکہ اعلی ذاتوں کا ووٹ دوسری جماعتوں کی طرف منتقل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بی ایس پی تمام انتخابات تنہا لڑے گی۔ جب اپرکاسٹ کا بھروسہ مکمل طور پر بی ایس پی پر قائم ہو جائے گا، تب اتحاد پر غور کیا جا سکتا ہے، لیکن اس میں ابھی وقت لگے گا۔
مایاوتی نے الزام لگایا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتیں بی ایس پی کے دور کی اسکیموں کے نام بدل کر چلا رہی ہیں، جس سے عوام کو کوئی حقیقی فائدہ نہیں ہو رہا۔ مایاوتی نے بی جے پی، کانگریس اور سماجوادی پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ 'فرقہ پرست' جماعتیں بی ایس پی کو کمزور کرنے کے لیے مسلسل غلط فہمیاں پھیلا رہی ہیں۔
انہوں نے برہمن، چھتری اور ویشیہ سماج کو یقین دلایا کہ بی ایس پی حکومت میں ان کا پورا خیال رکھا جائے گا اور انہیں کسی 'باٹی چوکھا' سیاست کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوگی حکومت میں برہمنوں کی حالت بہتر نہیں ہے، جبکہ بی ایس پی کے دور میں تمام مذاہب اور ذاتوں کا احترام کیا گیا۔
سماجوادی پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں "غنڈوں کا راج" رہا اور لکھنو¿ گیسٹ ہاو¿س واقعے کا ذکر کرتے ہوئے اسے اپنی جان پر حملے سے تعبیر کیا۔ اکھلیش یادو کے 'پی ڈی اے' نعرے کو انہوں نے دلت مخالف ذہنیت کا چھلاوا قرار دیا۔
مایاوتی نے حکومتوں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ کانشی رام کے انتقال پر قومی سوگ کا اعلان نہیں کیا گیا، جو کہ ان کی صریح توہین اور نظر اندازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ مسلم معاشرے کے ساتھ بھی ناانصافی برتی جا رہی ہے۔
مایاوتی نے دعویٰ کیا کہ بی ایس پی کے دور حکومت میں ریاست میں کوئی فساد نہیں ہوا اور ان کی حکومت نے یادو برادری سمیت تمام طبقات کے مفادات کا پورا خیال رکھا۔
انتخابی نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ ای وی ایم میں گھپلے اور بے ایمانی کی بحث عام ہے اور یہ نظام کسی بھی وقت ختم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ایس آئی آرکے حوالے سے ملنے والی شکایات پر بھی تشویش ظاہر کی اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ ان تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکنا اورہوشیار رہیں۔
پریس کانفرنس کے آخری لمحات میں اچانک بجلی کا بلب فیوز ہونے سے شارٹ سرکٹ ہوا، جس کی وجہ سے کمرے میں دھواں بھرگیا اور تھوڑی دیر کے لیے افراتفری مچ گئی۔ تاہم، سیکورٹی اہلکار مایاوتی کو بحفاظت باہر لے گئے اور پارٹی صدر وشوناتھ پال نے تصدیق کی کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top