Latest News

پھر واشنگٹن پہنچے پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر، امریکہ کے اعلیٰ عسکری رہنماؤں سے کی ملاقات

پھر واشنگٹن پہنچے پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر، امریکہ کے اعلیٰ عسکری رہنماؤں سے کی ملاقات

انٹرنیشنل ڈیسک: ہندوستان  کے ساتھ چار روزہ تنازع کے بعد دوسری بار واشنگٹن کا دورہ کرنے والے پاکستانی آرمی چیف عاصم منیر نے امریکہ کے اعلی سیاسی اور عسکری رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ فوج نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ فوج نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ آرمی چیف  امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔بیان کے مطابق آرمی چیف نے سینئر سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ ساتھ پاکستانی تارکین وطن سے بھی بات چیت کی۔ آرمی چیف کے امریکہ  میں قیام کے بارے میں کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں اور یہ بھی واضح نہیں کہ وہ کب پہنچے۔ منیر کے دورہ امریکہ کو ہندوستان  کے خلاف جاری سازشوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹمپا میں منیر نے سبکدوش ہونے والے امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹ کام)کے کمانڈر جنرل مائیکل ای کُریلا کی ریٹائرمنٹ کی تقریب اور ایڈمرل بریڈ کوپر کی کمان سنبھالنے کے موقع پر منعقدہ کمان کی تبدیلی کی تقریب میں شرکت کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل منیر نے جنرل کریلا کی مثالی قیادت اور دوطرفہ فوجی تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کی گرانقدر شراکت کی تعریف کی اور مشترکہ سیکورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جاری تعاون پر اعتماد کا اظہار کیا اور ایڈمرل کوپر کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر منیر نے دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے بات چیت کی۔
پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران، منیر نے ان  سے پاکستان کے روشن مستقبل پر اعتماد برقرار رکھنے  اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں فعال طور پر حصہ ڈالنے کی درخواست کی۔ فوج کے مطابق تارکین وطن نے پاکستان کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ جون میں منیر امریکہ کے پانچ روزہ دورے پر گئے تھے۔ اس دورے کے دوران انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ظہرانے( لنچ) میں شرکت کی تھی ۔ عام طور پر ایسا اعزاز کسی سربراہ مملکت یا حکومت کے سربراہ کو دیا جاتا ہے۔ اس ملاقات کے اختتام پر ٹرمپ نے تیل کے معاہدے سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون بڑھانے کا اعلان کیا۔
 



Comments


Scroll to Top