نیشنل ڈیسک: راجستھان کے ضلع دوسہ میں دہلی- ممبئی ایکسپریس وے پر منگل کی علی الصبح تیز رفتار ایک کار نے پیچھے سے ایک ٹرک کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں چار یاتریوں کی موت ہو گئی۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔
پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ پاپڑدا علاقے میں پیش آیا۔ اس نے بتایا کہ ٹکر کے بعد کار ٹرک کے نیچے پھنس گئی اور چند کلو میٹر تک اس کے ساتھ گھسٹتی چلی گئی۔ پولیس کے نائب سپرنٹنڈنٹ دیپک مینا نے بتایا کہ کار میں پانچ یاتری سوار تھے اور وہ مدھیہ پردیش کے اجین میں واقع مہاکال مندر میں پوجا کرنے کے بعد نوئیڈا واپس جا رہے تھے۔
مینا نے کہا کہ ہریانہ نمبر کی کار لالسوٹ سے دہلی کی طرف جا رہی تھی کہ اسی دوران وہ ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تیز رفتار ہونے کی وجہ سے کار ٹرک کے پچھلے حصے کے نیچے پھنس گئی اور چند کلو میٹر تک گھسٹتی چلی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ کار میں سوار راہل گپتا ( 35 ) ، پارس اگروال (35 )، پرنس گپتا (23 ) اور وکرم سنگھ عمر ( 30 ) کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ پچھلی نشست پر بیٹھے برج موہن گپتا کو معمولی چوٹیں آئیں اور انہیں دوسہ ضلع ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔