نئی دہلی: یوروپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لین نے ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاہدے کو ایک نئی تاریخ کا آغاز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دونوں فریق مستقبل میں اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے منگل کو اس معاہدے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، 'ہندوستان اور یوروپ آج تاریخ رقم کر رہے ہیں ہم نے وہ معاہدہ کر لیا ہے جو 'مدر آف آل ڈیلز' (اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ) ہے۔ ہم نے دو ارب کی آبادی کا ایک آزاد تجارتی علاقہ تخلیق کیا ہے، جس سے فریقین کو فائدہ پہنچنے والا ہے۔
یوروپی کمیشن کی صدر نے کہا، 'یہ صرف شروعات ہے، ہم اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔'اس سے قبل محترمہ فان ڈیر لین نے اپنے ساتھی اور یوروپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے ہمراہ صبح ہی حیدرآباد ہاو¿س میں جناب مودی کے ساتھ بات چیت کی۔
یوروپی یونین کے یہ دونوں رہنما صبح گاندھی سمادھی پر خراجِ عقیدت پیش کرنے راج گھاٹ گئے تھے۔مسٹر کوسٹا نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گل دائرہ نذر کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عالمی امن کی خواہش کی۔ انہوں نے گاندھی جی کو یاد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا، 'اس دنیا میں ان کے الفاظ آج بھی پہلے جیسی طاقت کے ساتھ گونج رہے ہیں۔ امن ہتھیاروں کی لڑائی سے نہیں، بلکہ مشکل حالات میں نہتی قوموں کی جانب سے کیے گئے اور جی کر دکھائے گئے انصاف کے راستے سے پیدا ہوگا۔