National News

پہلے مسجدوں اور مدرسوں پر بلڈوزر چلائے ، اب مندروں کو بھی نشانہ بنایاجارہا ہے : عمران مسعود کا بی جے پی پر طنز

پہلے مسجدوں اور مدرسوں پر بلڈوزر چلائے ، اب مندروں کو بھی نشانہ بنایاجارہا ہے : عمران مسعود کا بی جے پی پر طنز

سہارنپور: کانگریس کے مقامی رکنِ پارلیمنٹ عمران مسعود نے منگل کے روز کہا کہ ملک میں عجیب و غریب حالات پیدا ہو گئے ہیں اور ہر طبقے کے سامنے اپنی شناخت ثابت کرنے کا چیلنج کھڑا ہو گیا ہے۔ مسعود نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ ملک میں عجیب و غریب حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ اگر آپ شہری ہیں تو اپنی شہریت ثابت کیجیے، اگر ووٹر ہیں تو وہ بھی ثابت کیجیے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے بھی آگے، اگر آپ مذہبی رہنما ہیں تو وہ بھی ثابت کیجیے، اگر آپ شنکراچاریہ ہیں تو وہ بھی ثابت کیجیے۔ مسعود نے کہا کہ شنکراچاریہ کی اس سے بڑی توہین کیا ہو سکتی ہے۔ جو لوگ سادھو سنتوں کے نام پر اپنی سیاست کھڑی کرتے ہیں، ان کے دورِ حکومت میں سب سے زیادہ توہین سادھو سنتوں کی ہو رہی ہے۔ مسعود پریاگ راج میں سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی کو شنکراچاریہ کے لقب کے استعمال کے معاملے میں میلہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس کا حوالہ دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گنگوتری دھام ہندؤوں کا مقدس مقام ہے، وہاں پہلے ہی کوئی مسلمان نہیں جاتا، لیکن اس کے باوجود شناخت ثابت کرنے جیسی شرطیں لگا کر سماج میں زہر گھولا جا رہا ہے۔ مسعود نے کہا کہ حالات ایسے بنا دیے گئے ہیں کہ پہلے ثابت کرو کہ تم ہندو ہو، تبھی مندر جاؤ گے، جبکہ اس سے پہلے کہا جاتا تھا کہ شہریت ثابت کرو، لیکن اب مذہب ثابت کرنے کی بات بھی ہو رہی ہے۔
مسعود نے الزام لگایا کہ پہلے مساجد، مدارس اور سینکڑوں سال پرانی درگاہوں پر بلڈوزر چلائے گئے اور اب مندروں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنکراچاریہ جی خود بتا رہے ہیں کہ بنارس میں ایک سو پچاس مندر توڑ دیے گئے ہیں۔
رکنِ پارلیمنٹ نے سوال اٹھایا کہ کس بنیاد پر آپ خود کو سناتنی کہتے ہیں۔ مسعود نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نفرت پھیلا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ذاتوں کے درمیان ٹکرا پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ ملک کے اصل مسائل روزگار، تعلیم اور معیشت سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top