Latest News

جمعیت علماء مدھیہ پردیش نے لیا سی اے اے اور این پی آر کے خلاف صوبائی سطح پر تحریک چلانے کا فیصلہ

جمعیت علماء مدھیہ پردیش نے لیا سی اے اے اور این پی آر کے خلاف صوبائی سطح پر تحریک چلانے کا فیصلہ

بھوپال:مدھیہ پردیش میں اقلیتوں کے مسائل کو لیکر جمعیت علماء  ایم پی کی صوبائی میٹنگ کا بھوپال میں انعقاد کیاگیا۔ مولانا برکت اللہ بھوپالی ہائر سیکنڈری سکول کیمپس میں منعقدہ میٹنگ میں جمعیت علما مدھیہ پردیش کے ضلع صدور نے شرکت کی۔ میٹنگ میں سی اے اے، این آرسی اور این پی آر کے خلاف صوبائی سطح پر تحریک چلانے اور تحریک کو تیز کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ممبر سازی پر زور دیا گیا۔

PunjabKesari
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں یکم جنوری سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ستیہ گرہ جاری ہے اور اسی ستیہ گرہ میں شامل ہو کر سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے اعلان کیا تھا کہ جہاں جہاں پر کانگر س کی حکومتیں ہیں وہاں پر این پی آر کا نفاذ نہیں ہوگا مگر دوسری طرف جس طرح سے کمل ناتھ حکومت نے خاموشی سے این پی آر کا گزٹ نوٹیفکیشن کر کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے، اس کو لے کر جمعیت نے اس کے خلاف ہر محاذ پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک اسے واپس نہیں لیا جاتا ہے۔
بھوپال میں جمعیت علما ء مدھیہ پردیش کے زیر اہتمام منعقدہ صوبائی میٹنگ میں سی اے اے، این آرسی اور این پی آر کے ساتھ کمل ناتھ حکومت کے رویہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ آشٹہ سے جمعیت علماء کے ضلع صدر مرزا شبیر بیگ نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کمل ناتھ حکومت سے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے کو پورا کرنے اور اردو اساتذہ کی تقرری کرنے کا مطالبہ کیا۔
 



Comments


Scroll to Top