نارائن پور: چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں 11 سالہ ایک بچی کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کرنے اور اسے ہلاک کرنے کے معاملے میں پولیس نے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس افسران نے پیر کے روز بتایا کہ سون پور تھانہ حلقے میں بچی کے ساتھ زیادتی اور اس کی ہلاکت کے الزام میں پولیس نے سنجو کُمیٹی (24 ) کو گرفتار کیا ہے۔بستر خطے کے انسپکٹر جنرل پولیسسندرراج پی نے بتایا کہ اس تھانہ حلقے کے اورچھاکوری گاؤں کی یہ بچی 31 دسمبر سے لاپتہ تھی اور بعد میں دیہاتیوں نے چار جنوری کو کوسرا گاؤں کے ایک کھیت میں اس کی لاش برآمد کی، جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔
سندرراج نے بتایا کہ تفتیش کی بنیاد پر پولیس نے گنیر گاؤں کے رہائشی ملزم نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔افسر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ کُمیٹی بچی اور اس کے خاندان کو جانتا تھا اور اس نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ زیادتی کی اور جرم کو چھپانے کے لیے اسے ہلاک کر دیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ کُمیٹی نے مبینہ طور پر بچی پر کلہاڑی سے وار کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں سائنسی اور تکنیکی شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی ۔