Latest News

جموں - کشمیر میں اگلے دو دن بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان، ان علاقوں سے متعلق وارننگ جاری

جموں - کشمیر میں اگلے دو دن بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان، ان علاقوں سے متعلق وارننگ جاری

سری نگر: وادی میں ایک بار پھر درجہ حرارت میں اضافے کے بعد محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں کے دوران کشمیر میں ہلکی بارش اور جموں ڈویژن میں موسلادھار بارش کی پیشینگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد کے مطابق علاقہ میں عام طور پر  بادل چھائے رہیں گے  اور کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ خاص طور پر جموں ڈویژن کے ریاسی، ادھم پور، کٹرا، جموں اور سانبہ جیسے علاقوں میں 15 اگست تک موسلادھار بارش کی پیشینگوئی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے دو دنوں کے دوران کشمیر ڈویژن میں بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، انہوں نے کہا کہ عام طور پر گرم اور موسم میں نمی کی توقع ہے اور 16 اگست کو بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ جموں ڈویژن میں 17 سے 19 اگست کے دوران بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوچھار پڑنے کا امکان ہے،  بعض مقامات پربھاری بارش کی امید ہے ، خاص طور پر صبح کے اوقات میں۔ 
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ  'کچھ مقامات پر گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جب کہ کچھ مقامات پر سیلاب کا بھی امکان ہے، ساتھ ہی 15 اگست تک کچھ خطرناک مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور چٹانیں گرنے کا امکان ہے۔ لوگوں سے پانی کے ذخائر اور ڈھیلے ڈھانچے وغیرہ سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ دریں اثنا، وادی کشمیر میں بھی بارشیں جاری ہیں۔ جب کہ بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top