جموں:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے واقعے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے وزیر اعلیٰ نے ایکس (سابق ٹویٹر) پر بتایا کہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے رابطہ قائم کر کے کشتواڑ کے حالات سے انہیں آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں سے مصدقہ اور درست معلومات ملنے میں وقت لگ رہا ہے، تاہم انتظامیہ فوری اقدامات کر رہی ہے۔
عمر عبداللہ کے مطابق ریاست کے اندر اور باہر سے امدادی وسائل اور عملہ متاثرہ مقامات کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد پہنچانے کا کام تیزی سے مکمل ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس وقت کسی میڈیا چینل یا خبر رساں ادارے سے گفتگو نہیں کریں گے، اور عوام تک تمام تفصیلات حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر پہنچائی جائیں گی۔
یاد رہے کہ کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں کئی دیہات متاثر ہوئے ہیں اور جانی و مالی نقصان کے خدشات کے پیش نظر ریسکیو ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔