نیویارک: میکڈونلڈز میں دل دہلا دینے والے واقعہ نے امریکہ کو چونکا دیا۔ مشی گن کے گرینڈ ریپڈز علاقے میں ایک خاتون ملازم نے اپنی منیجر کو سرعام چاقو مار کر ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والی منیجر کا نام جینیفر ہیرس (39) اور خاتون حملہ آور کی شناخت عفینی محمد (26) کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ سارا واقعہ 12 جولائی کو پیش آیا جب عفینی محمد کو اس کی خراب کارکردگی کے باعث جلد گھر بھیج دیا گیا۔ اس واقعے سے ایک روز قبل عفینی محمد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (پرانے ٹوئٹر)پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔
ویڈیو میں اس نے اپنی منیجر جینیفر ہیرس پر دھمکانے اور بار بار جلدی گھر بھیجنے کا الزام لگایا تھا ۔ اس نے کہا تھا کہ کل مجھے جلدی گھر بھیج دیا گیا، آج بھی اس نے مجھے گھر بھیج دیا، یہ کوئی مذاق نہیں ہے، وہ بہت بدمعاش ہے۔عفینی نے ویڈیو می منیجر کے خلاف بدزبانی کا بھی استعمال کیا اور کہا کہ منیجر لوگوں کی توہین کرتی ہے، گپ شپ کرتی ہے اور ملازمین کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتی ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق 12 جولائی کو عفینی اور منیجر کے درمیان ایک اور جھگڑا ہوا۔ بحث کے بعد منیجر نے عفینی کو کام سے گھر بھیج دیا۔ ا سکے بعد عفینی پھر غصے میں اپنی گاڑی کے پاس گئی اور چاقو لے کر واپس لوٹی۔
اس کے بعد وہ سیدھی میکڈونلڈز کے اندر گئی اور منیجر جینیفر ہیرس پر چاقو سے حملہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق عفینی نے جینیفر پر یکے بعد دیگرے 15 وار کیے جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ اس پورے واقعے کا مشاہدہ ایک گاہک نے کیا جو گاڑی سے گزر رہا تھا۔ اس نے حملہ آور کو روکنے کے لیے ہوا میں گولی بھی چلائی لیکن تب تک عفینی نے منیجر کو ہلاک کر دیا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر عفینی کو گرفتار کر لیا۔ اس قتل عام کے بعد، گرینڈ ریپڈس کا وہ آؤٹ لیٹ فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔ میکڈونلڈ کی انتظامیہ نے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ قتل ہونے والے مینیجر کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔