نیویارک: امریکہ کے شہر نیویارک کو ایک بار پھر طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب کا سامنا ہے۔ 14 جولائی 2025 بروز پیر کو ہونے والی موسلادھار بارش سے شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، تاہم سب سے زیادہ چرچے شہر کے میٹرو اسٹیشن کے تھے، جہاں پانی داخل ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں صاف نظر آرہا ہے کہ 28ویں اسٹریٹ اسٹیشن کے پلیٹ فارم میں پانی داخل ہوگیا ہے۔
https://x.com/tparon/status/1944966595496841248
سیلابی پانی اتنا زیادہ تھا کہ میٹرو کوچ میں بیٹھے مسافر بھی پریشان نظر آئے۔ بہت سے مسافروں نے سیٹوں پر پیر چڑھا لئے یا گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے تاکہ اپنے پیروں کو گندے پانی سے بچاسکیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارش اتنی شدید تھی کہ چند گھنٹوں میں ہی اسٹیشنز زیر آب آگئے۔ پلیٹ فارم پر جمع پانی ٹرینوں کے اندر بھی پہنچ گیا۔ نیویارک کی میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی (MTA) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے کئی سب وے لائنوں پر خدمات تاخیر کا شکار ہوئیں یا کچھ راستوں کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔
https://x.com/BesuraTaansane/status/1945052753350336558
کئی مسافروں نے شکایت کی کہ اسٹیشن پر کوئی متبادل انتظام نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مسافروں کو گندے پانی سے بچنے کے لیے سیٹوں پر چڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔ اسٹیشن کا عملہ پانی نکالنے کی کوشش کرتا رہا تاہم بارش کے تھمنے تک صورتحال قابو میں نہ آسکی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نیویارک میں اکثر بارشوں کے دوران نکاسی آب کا نظام خراب ہو جاتا ہے۔ پرانے زیرزمین سٹیشن اور سیوریج سسٹم پانی کی اچانک آمد کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں شہر میں کئی بار سیلاب جیسے حالات پیدا ہو چکے ہیں۔