Latest News

نیٹو چیف کی ہندوستان کوکھلے عام وارننگ: روسی تیل خریدا تو چکانی پڑے گی بھاری قیمت، پوتن کو فون کرو اور کہو۔۔۔

نیٹو چیف کی ہندوستان کوکھلے عام وارننگ: روسی تیل خریدا تو چکانی پڑے گی بھاری قیمت، پوتن کو فون کرو اور کہو۔۔۔

انٹرنیشنل ڈیسک: روس یوکرین جنگ کے حوالے سے مغربی ممالک کا دباؤ اب  ہندوستان ، چین اور برازیل پر کھل کر سامنے آگیا ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے براہ راست خبردار کیا ہے کہ اگر یہ ممالک روس سے تیل اور گیس کی خریداری جاری رکھتے ہیں تو ان پر 100 فیصد ثانوی پابندیاں (امریکی ٹیرف)عائد کر دی جائیں گی۔ انہوں نے انتہائی سخت الفاظ میں کہا کہ اگر آپ چین کے صدر، ہندوستان کے وزیر اعظم یا برازیل کے صدر ہیں تو تیار رہیں، پوتن پر امن معاہدہ کرنے کے لیے دبا ؤڈالیں، ورنہ آپ کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
مارک روٹے کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پہلے ہی روس کو 50 دن کا الٹی میٹم دے چکے ہیں۔ ٹرمپ نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر روس نے 50 دنوں میں جنگ نہ روکی تو روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر 100 فیصد ٹیرف لگا دیا جائے گا۔ اگرچہ ٹرمپ نے نام نہیں لیے تاہم نیٹو کے سربراہ نے براہِ راست برازیل، چین اور ہندوستان کو نشانہ بنایا ہے۔ مارک روٹ نے امریکی سینیٹرز سے ملاقات میں کہا کہ  اگر آپ دہلی، بیجنگ یا برازیلیا میں ہیں تو آپ پر اس کا اثر واضح طور پر نظر آئے گا۔ پوتن کو فون کریں اور انہیں بتائیں کہ وہ جنگ بندی کے بارے میں سنجیدہ ہوں، ورنہ انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔دریں اثنا، امریکی سینیٹرز روس کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 500 فیصد تک ٹیرف لگانے کے بل پر بھی کام کر رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آنے والے دنوں میں روس کے ساتھ کاروبار کرنے والے ممالک پر معاشی دبا ؤمزید بڑھنے والا ہے۔
ٹرمپ پہلے ہی یوکرین کو ہتھیاروں کی نئی امداد فراہم کرنے اور روس کو تنہا کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق روس کا سب سے بڑا تیل خریدار چین ہے اور اس کے بعد ہندوستان  ہے۔ 5 دسمبر 2022 سے مئی 2025 تک چین نے روس کے کل خام تیل کا تقریباً 47 فیصد خریدا جبکہ ہندوستان نے 38 فیصد خریدا۔ صرف 2024 میں، ہندوستان نے روس سے روزانہ تقریباً 1.8-2.07 ملین بیرل تیل درآمد کیا، جس کی مالیت تقریبا 52.73 بلین ڈالر تھی۔ ہندوستان فی الحال امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کی تیاری کر رہا ہے، جس میں ٹیرف تقریبا 20 فیصد متوقع ہے۔ لیکن نیٹو اور ٹرمپ کی اس نئی وارننگ نے ہندوستان کے لیے ایک بڑا سفارتی چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔ ہندوستان کے لیے سستے روسی تیل پر انحصار ترک کرنا آسان نہیں ہوگا۔
 



Comments


Scroll to Top