نئی دہلی:انگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے دہلی کے انتہائی محفوظ چانکیہ پوری علاقے میں ایک خاتون رکن پارلیمنٹ کی چین چھیننے کے واقعہ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب قومی راجدھانی کے علاقے میں ایک خاتون رکن پارلیمنٹ محفوظ نہیں تو عام خواتین کی کیا حالت ہو گی، اس کا اندازہ آسانی سے لگایا جا سکتا ہے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں مسز واڈرا نے کہا کہ دہلی میں سفارت خانے کے ارد گرد کے علاقے عام طور پر محفوظ ہوتے ہیں۔ ایسے میں وہاں چین اسنیچنگ کا واقعہ حیران کن ہے۔
مسز واڈرا نے کہا، ’’اگر کسی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے، تو دہلی جیسے شہروں میں روزانہ اسی طرح کے مسائل کا سامنا کرنے والی عام خواتین کی حالت کا تصور کریں۔ اس کے لیے حکام کو زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔‘
کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے کہا، ’’ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی حکومت میں امن و امان نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی۔ دہلی میں ایک خاتون ایم پی کی چین چھین لی گئی۔ بہار میں ہر روز قتل ہو رہے ہیں۔ یعنی بی جے پی کی حکومت میں لوگ محفوظ نہیں ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ خاتون ایم پی ایڈوکیٹ سدھا نے اس واقعہ کی رپورٹ لکھواتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صبح چھ بجے ایک اور خاتون رکن پارلیمنٹ کے ساتھ سیر کے لیے جارہی تھیں کہ چانکیہ پوری علاقے میں ان کی چین چھین لی گئی۔ انہوں نے الارم بھی بجایا لیکن بدمعاش خاموشی سے بھاگ گئے۔ انہوں نے پولیس گاڑی میں بیٹھے پولیس والوں کو اس واقعہ کی جانکاری دی لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا اور شکایت درج کروا دیجے۔ بعد ازاں واقعے کی شکایت درج کرائی گئی۔