نئی دہلی:کانگرس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ بہار میں ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کا کام انتہائی تشویشناک ہے اور حکومت سے اس پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے سوالات پوچھے جا رہے ہیں، لیکن حکومت جواب دینے کے لیے تیار نہیں ہے، اس لیے وہ حربے استعمال کررہی ہے پارلیمنٹ ہاوس کمپلیکس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئےمحترمہ واڈرا نے کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ میں جواب دینا چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داری سوال پوچھنا ہے اور سوالوں کا جواب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن مودی حکومت جواب نہیں دیتی۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ وہ پارلیمنٹ میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی پر بحث کرنے سے کیوں بچ رہی ہے۔
انہوں نے کہا، ”یہ طے کرنا عدالت یا کسی جسٹس کا کام نہیں ہے کہ کون سچا ہندوستانی ہے اور کون نہیں۔ میں یہ بات عدالت کے پورے احترام کے ساتھ کہہ رہی ہوں۔ راہل گاندھی جی نے ہمیشہ فوج اور ہمارے سپاہیوں کا احترام کیا ہے۔ وہ ہمیشہ فوج کا احترام کرتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت سے سوال پوچھیں، لیکن جب حکومت جواب نہیں دینا چاہتی تو وہ اس طرح کے حربے استعمال کرتی ہے۔“
اس دوران پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جے رام رمیش نے کہا، ”انڈیا الائنس کے رہنماوں نے اسپیکر کو خط لکھا ہے، ہم نے دیکھا ہے کہ ووٹوں کی مسلسل چوری ہو رہی ہے، اس لیے ہم نے اس پر تشویش کا اظہار کیا، اس کی شروعات ابھی بہار میں ہوئی ہے، پھر یہ پورے ملک میں ہوگی، اگر منتخب نمائندے لوک سبھا میں انتخابات پر بحث نہیں کر سکتے، تو جمہوریت کی اس سے بڑی توہین اور کیا ہو سکتی ہے۔“