لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں فائرنگ کے باعث 2 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حملہ ایک پارٹی کے دوران کیا گیا، حملے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، جبکہ حملہ آوروں کے پکڑے جانے کی بھی کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔ لاس اینجلس پولیس ڈپارٹمنٹ (ایل اے پی ڈی ) کا کہنا ہے کہ واقعہ پیر کو صبح ایک بجے (0800 جی ایم ٹی ) 14ویں پلیس اور گریفتھ ایوینو کے پاس پیش آیا جہاں کئی پارٹیاں ہو رہی تھیں۔ پولیس کے مطابق پارٹی کو بند کر دیا گیا اور بندوق رکھنے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ آٹھ افراد کو گولیاں ماری گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، حکام نے کسی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا ہے اور نہ ہی کسی ممکنہ وجہ کی نشاندہی کی ہے۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز بھی امریکی ریاست مونٹانا کے بار میں فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ مونٹانا پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور مشتبہ حملہ آورکی تلاش جاری ہے کئی رہائشی علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو اناکانڈا کے مغرب میں واقع اسٹمپ ٹاو¿ن کے علاقے میں دیکھا گیا ہے، پولیس اور سیکیورٹی ادارے علاقے کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں۔