نئی دہلی: لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی چھت کے ٹپکنے کو ایک سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر تمام جماعتوں سے مشاورت کی جانی چاہئے اورنئی عمارت کی تعمیر کا جامع جائزہ لینا چاہئے۔ مسٹر گوگوئی نے ایکس پر کہانئی پارلیمنٹ کے اندر خاکہ ، سہولیات اور تعمیر کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔
ہندوستانی پارلیمانی جمہوریت کی عظیم ترین روایات کی عکاسی کے لیے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہندوستان کے لوگوں کی ہے نہ کہ کسی ایک پارٹی یا فرد کی۔ مجھے امید ہے کہ وقت آنے پر تمام بڑی جماعتوں کی رائے لی جائے گی۔ واضح رہے کہ دہلی میں موسلادھار بارش کے درمیان نئی پارلیمنٹ ہاوس کی چھت ٹپکنے کا معاملہ سامنے آیا تھا اور اس کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس کی سیاسی حلقوں میں کافی بحث ہوئی تھی۔