لاہور:پاکستان کے پنجاب صوبے میں کچھ لوگوں نے ایک گرجا گھر پر حملہ کرکے مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کی اور بائبل کی بے ادبی بھی کی۔ پولیس نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق حملہ سوموار کی صبح لاہور سے تقریباً 50 کلومیٹر دور قصور ضلع کے کوٹ رادھا کشن میں واقع ‘فیرز ڈین میموریل گرجا گھر’ پر ہوا۔ حالانکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی مشتبہ اللہ رکھا کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف توہین مذہب اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق کچھ نامعلوم افراد نے سوموار کی صبح گرجا گھر میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی اور بائبل کی بے ادبی بھی کی۔ گرجا گھر کے انچارج طارق مسیح جب گرجا گھر کھولنے گئے تو انہوں نے دیکھا کہ مرکزی دروازے کی چابی ٹوٹی ہوئی تھی، گرجا گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی اور بائبل کے صفحات بھی پھاڑے ہوئے تھے۔ انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے مرکزی مشتبہ اللہ رکھا کو گرفتار کر لیا، جس نے اپنا جرم قبول کر لیا ہے۔
پولیس افسر محمد عیسیٰ نے بتایا کہ اللہ رکھا کا مسیحی برادری کے کچھ اراکین کے ساتھ کسی معاملے پر تنازعہ تھا۔ اپنی ناراضگی ظاہر کرنے کے لیے وہ کچھ لوگوں کو ساتھ لے کر گرجا گھر میں داخل ہوا اور توڑ پھوڑ کی۔ اس نے کچھ مسیحی مذہبی نشانات اور گرجا گھر کی جائیداد کو بھی نقصان پہنچایا اور بائبل کی بے ادبی بھی کی۔