کولمبو: سری لنکا کی ایک عدالت نے منگل کو سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے معاملے میں ضمانت دے دی۔ وہ اس معاملے میں حراست میں تھے۔ سخت سیکورٹی اور اور عدالت کے احاطے کے باہر احتجاج کے درمیان وکرماسنگھے نے کولمبو کے نیشنل ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) سے ڈیجیٹل طور پر سماعت میں شرکت کی ۔
سماعت 'کولمبو فورٹ مجسٹریٹ' نیلوپولی لنکا پورہ کی صدارت میں زوم کے ذریعے ہوئی۔ سابق صدر کو پولیس کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈی)نے گزشتہ ہفتے جمعہ کو گرفتار کیا تھا۔ 'کولمبو فورٹ مجسٹریٹ' عدالت کی طرف سے 26 اگست تک ریمانڈ کے بعد جمعہ کو نصف شب کے قریب انہیں مرکزی 'میگزین ریمانڈ' جیل لے جایا گیا۔ ابتدائی طور پر ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے طبیعت خراب ہونے کے بعد جیل کے ہسپتال میں داخل کرنے کے بعد انہیں نیشنل ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا۔
وکرما سنگھے پر 2023 میں برطانیہ کے نجی دورے کے لیے 1.66 کروڑ سری لنکا کے سرکاری فنڈز کا غلط استعمال کرنے کا الزام ہے، جہاں انہوں نے اپنی اہلیہ میتری کے یونیورسٹی کانووکیشن میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ سرکاری تھا کیونکہ سری لنکا کے صدر کو بطور سربراہ مملکت کی حیثیت سے دعوت دی گئی تھی۔