احمد آباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز یہاں کہا کہ ہندوستان میں تیار کردہ الیکٹرک گاڑیاں 100 ممالک کو برآمد کی جائیں گی اور ملک میں ہائبرڈ بیٹری الیکٹروڈ کی پیداوار بھی شروع ہو جائے گی مسٹر مودی نے گجرات کے احمد آباد ضلع کے ہانسل پور میں سوزوکی کی ’ای وٹارا‘ الیکٹرک کار کی نقاب کشائی کی، گرین موبلٹی پہل کا افتتاح کیا اور کہا کہ گنیشواتسو کے دوران میک ان انڈیا کے سفر میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ آج سے ہندوستان میں تیار ہونے والی الیکٹرک گاڑیاں 100 ممالک کو برآمد کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ملک میں ہائبرڈ بیٹری الیکٹروڈ کی پیداوار بھی شروع ہو جائے گی۔
وزیر اعظم نے عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنیش چترتھی کے جشن کے درمیان ہندوستان کے ’میک ان انڈیا‘ سفر میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میک ان انڈیا‘، ’میک فار دی ورلڈ‘ کے مشترکہ مقصد کی طرف یہ ایک اہم چھلانگ ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ آج کا دن ہندوستان اور جاپان کی دوستی کو ایک نئی جہت دیتا ہے، انہوں نے ہندوستان، جاپان اور سوزوکی موٹر کارپوریشن سے وابستہ تمام لوگوں کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کامیابی کی بنیاد تقریباً 13برس قبل رکھی گئی تھی، 2012 میں ان کے وزیر اعلیٰ کے دور میں ہانسل پور میں ماروتی سوزوکی کو زمین الاٹ کی گئی تھی،اس وقت بھی ’آتم نربھر بھارت‘ اور ’میک ان انڈیا‘ کا وڑن موجود تھا، وہ ابتدائی کوششیں اب ملک کی موجودہ امیدوں کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے مسٹر اوسامو سوزوکی کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا، جنہیں حکومت ہند نے پدم وبھوشن سے نوازا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماروتی سوزوکی انڈیا کے لیے مسٹر اوسامو سوزوکی کے وڑن کی بڑی توسیع کو دیکھ کر مسرور ہیں۔