واشنگٹن: چار فریقی سیکورٹی ڈائیلاگ گروپ 'QUAD' نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی سازش کرنے والوں، مجرموں اور مالی معاونت کرنے والوں کو بغیر کسی تاخیر کے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے اس سلسلے میں تعاون بڑھانے کی اپیل کی۔ QUAD کے رکن ممالک - امریکہ، آسٹریلیا، ہندوستان اور جاپان - کے وزرائے خارجہ نے اس سال کے آخر میں ہندوستان میں منعقد ہونے والے گروپ کے سالانہ سربراہی اجلاس کے لیے ایک وسیع ایجنڈا طے کرنے کے لئے منگل کو امریکی دارالحکومت میں ملاقات کی ۔ کواڈ کے رکن ممالک نے 22 اپریل کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور سرحد پار دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی بھرپور حمایت کی۔
پہلگام حملے میں 26 لوگ مارے گئے تھے۔ تاہم، مشترکہ بیان میں وزرا ء نے پاکستان کا یا مئی میں ہندوستانی اور پاکستانی فوجوں کے درمیان چار روزہ فوجی جھڑپ کا ذکر نہیں کیا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر ،امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ اور ان کے جاپانی ہم منصب تاکیشی ایوایا نے شرکت کی۔ کواڈ ممالک کے وزرائے خارجہ نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی "سخت الفاظ میں" مذمت کی، جس میں 25 ہندوستانی اور ایک نیپالی شہری ہلاک ہو گئے تھے اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ وزرائے خارجہ نے کہا کہ ہم مرنے والوں کے خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور تمام زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس قابل مذمت فعل کے مرتکب اور مالی معاونت کرنے والوں کو بلا تاخیر انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اس سلسلے میں تمام متعلقہ حکام کے ساتھ فعال تعاون کریں۔ کواڈ گروپ کے وزرائے خارجہ نے مشرقی بحیرہ چین اور بحیرہ جنوبی چین میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی پوزیشن پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ چین کا براہ راست ذکر کیے بغیر، انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی یکطرفہ کارروائی کے خلاف اپنی سخت مخالفت کا اعادہ کرتے ہیں جس میں طاقت یا جبر کے ذریعے جمود کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔کواڈ میٹنگ نے اس سال ممبئی میں "مستقبل کی کواڈ پورٹس" شراکت داری شروع کرنے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔
کواڈ کے وزرائے خارجہ نے خاص طور پر "خطرناک اور اشتعال انگیز کارروائیوں پر روشنی ڈالی، جس میں ساحل سمندر سے دور سائل کی ترقی میں مداخلت، نیوی گیشن اور علاقے میں فضائی نقل و حرکت کی آزادی میں بار - بار رکاوٹ، اور فوجی طیاروں اور کوسٹ گارڈ اور میری ٹائم ملیشیا کے جہازوں کے خطرناک جنگی مشقیں شامل ہیں۔ میری ٹائم ملیشیا کے جہاز عام طور پر سویلین جہاز ہوتے ہیں، جو اکثر ماہی گیری کے لیے استعمال ہوتے ہیں، لیکن وہ چین کی فوجی اور نیم فوجی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ وزرائے خارجہ نے کہا کہ ہمیں متنازعہ مقامات کی عسکریت پسندی پر گہری تشویش ہے۔ ہم سمندری قانون پر اقوام متحدہ کے کنونشن (UNCLOS) میں ظاہر کردہ قوانین کے مطابق نیوی گیشن اور اوور فلائٹ کی آزادی، سمندروں کے دیگر جائز استعمال، اور بین الاقوامی قانون کے مطابق بلا روک ٹوک تجارت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔