پشاور: پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بدھ کو ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک اسسٹنٹ کمشنر سمیت چار سرکاری اہلکار ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔ افغانستان کی سرحد سے متصل قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں میلہ گراؤنڈ کے قریب دھماکے میں نواگئی تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر فیصل سلطان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
دیگر جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر نور حکیم، تحصیلدار وکیل خان اور سپاہی راشد کے نام سے ہوئی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ حملے کی جانچ اور تلاشی مہم جاری ہے۔ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی کے اطلاعات کے مشیر بیرسٹر سیف نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے "انتہائی افسوسناک واقعہ" قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت اہم لوگوں کی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سیف نے کہا کہ وزیر اعلی علی امین گنڈا پور نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔