ممبئی :عالمی اسٹار بن چکیں پرینکا چوپڑہ اپنے نئے پروجیکٹ کے لئے ہندوستان آئی ہیں۔ پرینکا کو یوں تو دہلی میں شوٹنگ کرنی ہے، لیکن دہلی کی آلودگی نے ان کی حالت کافی خراب کر دی ہے۔ اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے پرینکا نے اپنی ایک ماسک والی سیلفی سوشل میڈیا پر شیئر کی اور کہا کہ ایسی آب وہوا میں یہاں شوٹنگ کرنا مشکل ہے۔ یوں تو پرینکا نے کچھ بھی ایسا نہیں کہا جو غلط ہو لیکن اپنے اس پوسٹ کی وجہ سے دیسی گرل پھر سے ٹرولرز کے نشانے پر آگئیں۔
دراصل، اس وقت دہلی کی حالت آلودگی کی وجہ سے کافی خراب ہے۔ فضائی آلودگی اور دھند نے پوری دلی کو اپنی زد میں لے رکھا ہے۔ پرینکا چوپڑا اپنی آنے والی ویب سیریز دی وائٹ ٹائیگر کی شوٹنگ کے لئے دہلی پہنچ گئی ہیں۔ اس فلم میں وہ اداکار راج کمار راؤ کے ساتھ نظر آئیں گی۔ اسی کی شوٹنگ کے لئے دہلی پہنچیں پرینکا نے ٹویٹ کیا' دی وائٹ ٹائیگر کے شوٹنگ کے دن۔ ان حالات میں یہاں شوٹنگ کرنا اتنا مشکل ہے کہ میں یہ تصور بھی نہیں کر پا رہی کہ یہاں ان حالات میں لوگ رہ کیسے رہے ہیں۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس ایئرپیوریفائرس اور ماسک ہیں۔ بے گھروں کے لئے میری دعائیں۔ سبھی محفوظ رہیں۔

یوں تو پرینکا نے وہی کہا جو سچ ہے لیکن اب ان کے اس انسٹاگرام پوسٹ پر کئی لوگ انہیں ہی ٹرول کر رہے ہیں۔ پچھلے سال پرینکا چوپڑا کی سگریٹ پیتی ہوئی تصویریں وائرل ہوئی تھیں اور اس پوسٹ کے بعد ایک بار پھر انہیں وہی تصویریں یاد دلائی جا رہی ہیں۔
کئی یوزرس انہیں اس پوسٹ پر سگریٹ پینے کی عادت یاد دلا رہے ہیں۔ وہیں کچھ یوزرس نے لکھا ہے کہ بے گھروں کے لئے دعا مانگنے سے اچھا ہے، ان کے لئے کچھ کرو۔
