نئی دہلی: منگل کو لوک سبھا میں 'آپریشن سندور' پر بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے 22 اپریل کا بدلہ 22 منٹ میں لیا ہے۔ ہماری افواج نے پاکستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا۔ پاکستان کے ایئربیس اب بھی آئی سی یو میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیشن ہندوستان کے لئے فخر اور فتح کی علامت ہے۔ انہوں نے اسے "بھارت کے وجے یوتسو کا موقع قرار دیا اور کہا کہ یہ جشن دہشت گردی کے خلاف ملک کی فیصلہ کن کارروائی کا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیشن کے بالکل آغاز میں، میں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ سیشن ہندوستان کی شان کے بارے میں ہے، یہ سیشن ہندوستان کی جیت کے بارے میں ہے، جب میں جیت کہتا ہوں تو اس کا مطلب دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کی تاریخی کامیابی ہے۔
مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ لوک سبھا میں ہندوستان کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں کو آئینہ دکھانے کے لیے کھڑا ہوں جو ہندوستان کا رخ نہیں دیکھتے، میں یہاں ملک کے 140 کروڑ شہریوں کی آواز میں شامل ہونے کے لیے کھڑا ہوں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ آپریشن سندور میں فوج کو آزادانہ لگام دی گئی۔ یہ بھی کہا گیا کہ فوج فیصلہ کرے کہ کب، کہاں اور کیسے جواب دینا ہے۔ یہ بات میٹنگ میں واضح طور پر کہی گئی۔