نئی دہلی: راجیہ سبھا میں ایوان کے لیڈر جگت پرکاش نڈا کو منگل کو اپنے بیان پر اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے سے معافی مانگنی پڑی ایوان میں آپریشن سندور پر بحث کے دوران مسٹر نڈا نے مسٹر کھڑگے کی تقریر میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف کئے گئے تبصروں پر اعتراض ظاہر کیا انہوں نے کہا کہ مسٹر کھڑگے نے وزیر اعظم کے لئے جو الفاظ استعمال کئے ہیں وہ قابل اعتراض ہیں اور انہیں کارروائی سے ہٹا دیا جانا چاہئے۔
اس دوران انہوں نے مسٹر کھڑگے کے لیے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا۔ اس پر اپوزیشن ارکان نے ایوان میں ہنگامہ شروع کردیا۔ اس کے بعد مسٹر نڈا کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور انہوں نے کہا کہ میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔ اپوزیشن ارکان اس سے مطمئن نہیں ہوئے اور انہوں نے کہا کہ مسٹر نڈا کو اپوزیشن لیڈر سے معافی مانگنی چاہئے۔
تب راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے مسٹر کھڑگے کو بولنے کا موقع دیا۔ اس پر مسٹر کھڑگے نے کہا کہ وہ کچھ وزرائ کا احترام کرتے ہیں، جن میں مسٹر نڈا بھی شامل ہیں۔ لیکن انہوں نے جو الفاظ استعمال کئے ہیں اس کے لئے انہیں معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس معاملے کو چھوڑنے والا نہیں ہوں۔
اس کے بعد مسٹر نڈا نے کہا کہ ”اپوزیشن لیڈر قابل احترام ہیں اور میں اپنے تبصرے کے لیے معذرت خواہ ہوں“۔ اپنے پہلے والے تبصرے کو درست کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ”آپ جذبات میں بہہ گئے اور وزیر اعظم کے وقار کا خیال نہیں رکھ سکے، مجھے اس کا افسوس ہے۔“