Latest News

مہاراشٹر میں یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلا مالیگاؤں، پریڈ گراؤنڈ کے پاس ہوا دھماکہ، دو خواتین سمیت 5 زخمی

مہاراشٹر میں یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلا مالیگاؤں، پریڈ گراؤنڈ کے پاس ہوا دھماکہ، دو خواتین سمیت 5 زخمی

نیشنل ڈیسک: مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں پیر کی صبح یومِ جمہوریہ کی تقریب کے دوران اس وقت افراتفری مچ گئی جب پولیس پریڈ گراؤنڈ کے قریب ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ یہ دھماکہ پرچم کشائی کے پروگرام کی جگہ سے محض چند سو میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ اس حادثے میں دو بچوں اور دو خواتین سمیت مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پرچم کشائی کے دوران پیش آنے والا حادثہ
اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح تقریبا 9 بج کر 15 منٹ پر جب پریڈ گراؤنڈ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلیکٹر اور سینئر پولیس افسران کی موجودگی میں یومِ جمہوریہ کی تقریب جاری تھی، اسی دوران قریب ہی غبارے فروخت کرنے والے کا نائٹروجن گیس سلنڈر اچانک پھٹ گیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی، جس سے تقریب میں موجود اسکولی طلبہ اور عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمیوں کی حالت اور شناخت
دھماکے کے وقت بچوں کے لیے غبارے خریدنے کی غرض سے کئی لوگ وہاں جمع تھے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت ونود تھورات، موہت جادھو، اتل شیوالے، پرمیلا یادو اور اجولا مہاجن کے طور پر ہوئی ہے۔ تمام زخمیوں کو قریبی نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق دو زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے ناسک ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے کہ آخر سلنڈر پھٹنے کی اصل وجہ کیا تھی۔
 



Comments


Scroll to Top