Latest News

ایران میں مظاہرین پر '' دہشت گرد '' کا ٹھپّہ، خامنہ ای بولے - ٹرمپ کے لئے اپنی زندگی برباد مت کرو

ایران میں مظاہرین پر '' دہشت گرد '' کا ٹھپّہ، خامنہ ای بولے - ٹرمپ کے لئے اپنی زندگی برباد مت کرو

انٹرنیشنل ڈیسک: ایران میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون لائنیں بند کیے جانے کے بعد حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی وارننگ کے باوجود احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور سوشل میڈیا پر مظاہروں کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔ ایران کی خراب معیشت کے خلاف دسمبر کے آخر میں شروع ہونے والے مظاہروں میں کم از کم 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی وارننگ کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ہاتھ ایرانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
اس فوٹیج میں خامنہ ای کے حامی امریکہ مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے دکھائی دیے۔ سرکاری میڈیا نے مظاہرین کو دہشت گرد قرار دیا۔ ایران میں حالیہ چند برسوں کی طرح مظاہرین کے خلاف پرتشدد کارروائی کیے جانے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ٹرمپ نے پرامن مظاہروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ طاقت کے استعمال سے نہیں ہچکچائیں گے۔ خامنہ ای( 86 ) نے تہران میں اپنے احاطے میں حامیوں سے کہا کہ مظاہرین امریکی صدر کو خوش کرنے کے لیے اپنی زندگیاں برباد کر رہے ہیں۔ انہوں نے(ٹرمپ نے ) کہا ہے کہ وہ ان کی یعنی مظاہرین کی مدد کے لیے آگے آئیں گے۔ اس کے بجائے انہیں اپنے ہی ملک کے حالات پر توجہ دینی چاہیے۔ ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای نے کہا کہ مظاہرین کو کسی قانونی نرمی کے بغیر فیصلہ کن اور زیادہ سے زیادہ سزا دی جائے گی۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران میں مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکہ ایران پر حملہ کرے گا۔ وینزویلا پر امریکی کارروائی کے بعد ٹرمپ کی اس وارننگ کو کافی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ نے جمعہ کو کہا کہ اگر امریکہ حملہ کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ فوجیوں کو زمین پر بھیجا جائے گا، بلکہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ دشمن کو نہایت سخت طریقے سے وہیں نشانہ بنایا جائے گا جہاں سب سے زیادہ اثر پڑے۔ ٹرمپ نے کہا کہ میں ایران کے رہنماؤں سے کہتا ہوں کہ گولیاں چلانا شروع مت کرنا، کیونکہ اگر تم نے ایسا کیا تو ہم بھی تمہارے خلاف ایسا ہی کریں گے۔
 



Comments


Scroll to Top