اسلام آبا: سکھ مذہب کے بانی گورونانک دیو جی کے 550ویں 'پرکاش اتسو 'کے موقع پر ہندوستان اور پاکستان کے بیچ نوتعمیر شدہ کرتارپور راہداری کے افتتاح سے ایک دن قبل بھی دونوں ملکوں کے بیچ لفظی جنگ جاری ہے ۔
پاکستان نے اس موقع پر کرتارپور جانے والے عقیدت مندوں کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے دی گئی رعایتوں کو مسترد کرنے کے نریندرمودی حکومت کے فیصلہ پر اظہار افسوس کیاہے ۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہا، ایک خصوصی ترغیب کے طورپر ،پاکستان نے عقیدت مندوں کی سہولت کیلئے بابا گورونانک کی 550ویں جینتی کے مبارک موقع پر رعایتوں کا اعلان کیا، لیکن سکھوں کے جذبات کو نظر انداز کرتے ہوئے ہندوستان نے اسے مستردکردیاہے ۔ انہوں نے کہا، اگر ہندوستان عقیدت مندوں کے لئے ان سہولات کا فائدہ نہیں اٹھاناچاہتاہے ،تو یہ اس پر منحصر ہے ۔