Latest News

غزہ میں اسرائیل کاخوفناک حملہ: 60 لوگوں کی موت

غزہ میں اسرائیل کاخوفناک حملہ: 60 لوگوں کی موت

انٹرنیشنل ڈیسک : اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف اپنی جنگ تیز کر دی ہے جس کے نتیجے میں راتوں رات ہونے والے حملوں میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ جانکاری  فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے دی ہے۔ بڑھتی ہوئی بین الاقوامی مذمت کے باوجود اسرائیل نے حالیہ دنوں میں خطے میں کئی بڑے حملے کیے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد حماس کے ذریعہ یرغمال بنائے گئے لوگوں کو واپس لانے کے لئے اس پر دباؤ ڈالنا ہے اور گروپ کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہے ۔
حملے کے آغاز سے اب تک 300 سے زائد افراد کی موت 
حملے کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں 300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد غزہ پر قبضہ کرنا، وہاں کے کچھ علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنا، ہزاروں لوگوں کو بے گھر کرنا اور محفوظ امداد کی ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔
محدود امداد کی اجازت ہے لیکن ناکہ بندی جاری 
نئے حملوں میں شدت آنے پر اسرائیل نے ڈھائی ماہ کی ناکہ بندی کے بعد جنگ زدہ علاقے میں محدود امداد کی اجازت دینے پر اتفاق کیا۔ اس  ناکہ بندی  کی وجہ سے علاقے میں  خوراک، ادویات، ایندھن اور دیگر ضروری سامان کی رسائی میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے ۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے اتحادیوں کے دباؤ کے بعد کم سے کم امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم اقوام متحدہ کے اداروں کا کہنا ہے کہ اب تک صرف چند ٹرک غزہ بھیجے گئے ہیں جو کہ بڑے پیمانے پر ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ اس سال کے شروع میں جنگ بندی کے دوران تقریبا 600 ٹرک روزانہ غزہ میں داخل ہوئے۔
بین الاقوامی دبا ؤبڑھا 
اسرائیل کے طرز عمل پر تنقید پیر کو اس وقت شدت اختیار کر گئی جب اس کے اتحادیوں کینیڈا، فرانس اور برطانیہ نے پابندیوں سمیت ملک کے خلاف "ٹھوس کارروائی" کی دھمکی دی۔ انہوں نے اسرائیل سے غزہ میں اپنی نئی فوجی کارروائیاں روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔ تاہم، نیتن یاہو نے اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حماس کے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کا "سب سے بڑا ردعمل" تھا۔
حملوں کی تفصیلات
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، شمالی غزہ میں دو حملوں میںایک خاندان کے گھر اور پناہ گاہ کے طور پر کام کر رہے ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جس میں  کم از کم 22 افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے تھے۔ الاقصی شہدا ہسپتال کے مطابق، وسطی شہر دیر البلاح میں ایک حملے میں 13 افراد ہلاک  ہوگئے اور پاس کے نوصیرات پناہ گزین کیمپ پر ہونے والے دوسرے حملے میں 15 افراد ہلاک ہوئے۔ ناصر ہسپتال کے مطابق، جنوبی شہر خان یونس میں دو حملوں میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ صرف عسکریت پسندوں کو نشانہ بناتی ہے اور حماس پر شہریوں کی ہلاکتوں کا الزام عائد کرتی ہے کیونکہ یہ گروپ گنجان آباد علاقوں میں کام کرتا ہے۔ غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال اور بڑھتے ہوئے حملوں نے عالمی برادری کی تشویش  میں اضافہ کیا  ہے ۔
 



Comments


Scroll to Top