بیروت: خطے میں اسرائیل کے حالیہ اقدامات کی وجہ سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر بیروت میں ہندوستانی سفارت خانے نے لبنان میں مقیم ہندوستانی شہریوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ایران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور بیروت میں حزب اللہ کے کمانڈر فواد شکر کی ہلاکت کے بعد سکیورٹی کی صورتحال انتہائی حساس ہو گئی ہے۔ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا جا رہا ہے جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ہندوستانی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو الرٹ رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دیگر ممالک نے بھی اپنے شہریوں کے لیے ایسی ہی ایڈوائزری جاری کی ہے جس سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ ہوتا ہے۔ ہندوستانی شہریوں کو سفارت خانے کی ہدایات پر عمل کرنے کی سختی سے تلقین کی گئی ہے۔
ایمرجنسی فون نمبر جاری
ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ لبنان کے تمام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ لبنان میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کو الرٹ رہنے، اپنی نقل و حرکت محدود کرنے اور ہندوستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ رابطہ کے لیے، سفارت خانے نے ای میل آئی ڈی cons.beirut@mea.gov.in اور ہنگامی فون نمبر +96176860128 جاری کیا ہے۔
آسٹریلیا: آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ نے لبنان میں مقیم اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "لبنان میں تنازعات کے بڑھنے کا سنگین خطرہ ہے۔ سلامتی کی صورتحال تیزی سے خراب ہو سکتی ہے۔"
کینیڈا: کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے بھی اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لبنان چھوڑ دیں اور کسی بھی سفری منصوبے کو ملتوی کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تناؤ بڑھتا ہے تو ممکن ہے کہ ہم آپ کی مدد نہ کر سکیں۔