انٹرنیشنل ڈیسک: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں روس سے یورینیم، کھاد اور کیمیکلز کی امریکی درآمد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ٹرمپ نے یہ بات امریکہ کی طرف سے ان اشیا کی درآمد سے متعلق ہندوستان کے بیان پر ایک سوال کے جواب میں کہی۔ امریکی صدر نے کہا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں جانتا، مجھے اس کی تحقیقات کرنی ہوں گی لیکن ہم اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی ان ممالک پر ٹیرف لگانے کا فیصلہ کریں گے جو روس سے توانائی خرید رہے ہیں۔ ٹرمپ نے ہندوستان پر روسی تیل کی بڑی مقدار خریدنے اور منافع میں فروخت کرنے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ امریکہ ہندوستان پر مزید ٹیرف لگائے گا۔
ہندوستان نے پیر کو امریکہ اور یوروپی یونین کے خلاف 'غیر منصفانہ اور غیر معقول' طور پر نئی دہلی کو روس سے خام تیل خریدنے پر نشانہ بنانے پر سخت پلٹوارکیا ۔ اس تنقید کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ہندوستان نے امریکہ اور یورپی یونین کے روس کے ساتھ جاری تجارتی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین دونوں کے روس کے ساتھ تجارتی تعلقات برقرار ہیں۔ وزارت خارجہ نے پیر کی رات ایک بیان میں کہا کہ ہمارے معاملے کے برعکس، اس طرح کی تجارت کوئی اہم قومی ذمہ داری بھی نہیں ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ یورپ اور روس کی تجارت میں نہ صرف توانائی بلکہ کھاد، کان کنی کی مصنوعات، کیمیکل، لوہا اور سٹیل اور مشینری اور ٹرانسپورٹ کا سامان بھی شامل ہے۔
اس نے کہا کہ جہاں تک امریکہ کا تعلق ہے، وہ روس سے اپنی نیوکلیئر انڈسٹری کے لیے یورینیم ہیکسا فلورائیڈ، اپنی ای وی انڈسٹری کے لیے پیلیڈیم، کھاد اور کیمیکلز کی درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ اس پس منظر میں ہندوستان کو نشانہ بنانا نامناسب اور غیر دانشمندانہ ہے۔ ساتھ ہی جب ٹرمپ سے روس سے توانائی خریدنے والے چین سمیت تمام ممالک پر 100 فیصد ڈیوٹی عائد کرنے کی دھمکی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے کسی فیصد کا ذکر نہیں کیا لیکن ہم ایسا کچھ کرنے جا رہے ہیں، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس کے ساتھ بدھ کو ملاقات ہونے جا رہی ہے ، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ملاقات کہاں اور کس موضوع پر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے اور اس وقت فیصلہ کریں گے۔ قبل ازیں منگل کو سی این بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان ایک اچھا تجارتی پارٹنر نہیں رہا ہے اور وہ اگلے 24 گھنٹوں میں اس جنوبی ایشیائی ملک پر محصولات میں نمایاں اضافہ کرے گا کیونکہ وہ روسی تیل خرید رہا ہے اور جنگی مشین کو ایندھن فراہم کر رہا ہے۔