نیشنل ڈیسک: مہاراشٹر کے ناندیڑ میں باپ نے اپنی ہی شادی شدہ بیٹی اور اس کے عاشق کو بے دردی سے قتل کردیا۔ دونوں کے پیار سے ناراض باپ نے بیٹی اور اس کے عاشق کے ہاتھ پاوں باندھ کر کنویں میں پھینک دیا جس سے دونوں کی موت ہوگئی۔ مقتول کے دادا اور چچا نے بھی اس گھناونے جرم میں والد کا ساتھ دیا۔ واقعے کے بعد تینوں نے تھانے جا کر خود کو سرنڈر کر دیا۔ پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
کیا ہے سارا معاملہ؟
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ناندیڑ ضلع کے عمری تعلقہ کے کارکلا شیوارا گاوں کا ہے۔ متوفی کی شناخت 19 سالہ سنجیوانی سدھاکر کامبلے اور اس کے عاشق کی شناخت 19 سالہ لکھن باباجی بھنڈارے کے طور پر کی گئی ہے۔ سنجیوانی شادی شدہ تھی، جب کہ لکھن غیر شادی شدہ تھا۔ دونوں میں محبت کا رشتہ تھا۔ پیر کو لکھن سنجیوانی سے ملنے اس کے سسرال گیاجہاں سسرال والوں نے دونوں کو قابل اعتراض حالت میں پکڑ لیا۔ اس سے ناراض ہو کر سسرال والوں نے سنجیوانی کے والد ماروتی سورانے کو بلایا اور ساری کہانی سنائی۔ اپنی بیٹی کے عشق کی خبر سن کر ماروتی فوراً وہاں پہنچ گیا۔
سسرال والوں نے سنجیوانی کو اس کے والد کے حوالے کر دیا اور کہا کہ اب انہیں ان کی بیٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ بے عزتی محسوس کرتے ہوئے، ماروتی نے سنجیوانی اور لکھن کو اپنے گاوں لے جانے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران مقتول کے چچا اور دادا بھی ان کے ساتھ تھے۔
بے دردی سے کیا قتل
گاو¿ں پہنچنے کے بعد ناراض ماروتی نے سنجیوانی اور لکھن کے ہاتھ پاوں رسی سے باندھ کر گاوں کے ایک کنویں میں پھینک دیا۔ دونوں کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔ قتل کے بعد ماروتی سورانے، اس کے والد اور بھائی نے خود کو پولیس اسٹیشن جا کر اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کر دیا اور اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور رات 12 بجے تک دونوں لاشوں کو کنویں سے باہر نکالا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔